اسلام آباد ( ویب ڈیسک،خبر ایجنسی ) لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کردیا گیا اوراس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا
ہے۔وزیراعظم عمران خان نے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان نے سمری کے پیرا 6 میں افسروں کے پینل سے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کا تقرر کیا۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے منگل کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی، جس میں نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ ملاقات آئی ایس آئی میں کمانڈ کی تبدیلی اور نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے انتخاب کے حوالے سے وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان جاری مشاورتی عمل کا حصہ تھی۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق وزارت دفاع کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو افسران کے ناموں کی سمری بھیجی گئی جس پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے سمری میں ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے کےلئے مجوزہ تمام امیدواروں کے انٹرویوز کیے۔ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کے درمیان مشاورت کا آخری دور ہوا۔
تفصیلی مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو نیا ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کرنے کا فیصلہ ہوا۔وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے دستخط سے نوٹیفکیشن جاری ہوا۔
نوٹیفکیشن کا اطلاق 20 نومبر 2021ءسے ہو گا۔ جبکہ سبکدوش ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر 2021ءتک بطور ڈی جی آئی ایس آئی کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ 6 اکتوبر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا نیا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) تعینات کیا گیا تھا۔لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم نے پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشن حاصل کیا، لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کمانڈ، سٹاف اور انسٹرکچرل عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔