
کراچی ( نمائندہ رنگ نو)الخدمت کے شعبہ مدارس تفہیم القرآن کے تحت ہفتے کی صبح عید ملن تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس میں مدارس کے اساتذہ
،معلمات نے شرکت کی۔ قائم مقام ڈائریکٹر عنایت اللہ اسماعیل ،امیرجماعت اسلامی ضلع کیماڑی فضل احد،منیجر شعبہ مدار س حنیف اکبر ودیگر ذمہ داران شریک تھے ۔اس موقع پر عید ملن تقریب اہل فلسطین کے نام کی گئی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبوری امیر جماعت اسلامی پاکستان منعم ظفر نے کہا کہ بچوں میں قران کریم اور اس کے پیغام کا فہم پیدا کیا جائے ۔امت کا شعور اور فکر پیدا کی جائے ۔ظالم اور مظلوم کی جنگ نے باضمیر لوگوں کو جھنجھوڑ دیا ہے ، 50 سے زائد امریکی جامعات میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔ جانوروں کے حقوق کی بات کرنے والوں کو فلسطین میں انسانی حقو ق نظر نہیں آتے ۔غزہ میں بچوں اور خواتین کا قتل عام جاری ہے ۔شکست اسرائیل کا مقدر بنے گی ۔مظالم کے باوجود بھی اہل غزہ کا جذبہ قابل قدر ہے ۔وہ آزادی کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں ۔
منعم ظفر نے کہا کہ فرانس ،جرمنی اور برطانیہ میں بھی فلسطینیوں کےحق میں صدائے احتجاج بلد ہورہی ہے ۔250طلبہ کو گرفتار کیا جاچکا ہے ،آزادی اظہار رائے کہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت مدارس بہترین کام کر رہے ہیں اور تمام اساتذہ سے کہتا ہوں کہ بچوں کے اخلاق اور کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں۔فضل احد نے کہا کہ اہل غزہ کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گے اور وہ وقت دور نہیں جب فلسطینیوں کو آزادی ملے گی ۔





































