
کراچی (نمائندہ رنگ نو )الخدمت کےتحت سینٹرل جیل کراچی میں قیدیوں کے لیے” جلدی امراض“ کامفت میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا ،جس میں 3000
قیدیوں کا معائنہ کیا گیا ۔کیمپ میں الخدمت کی جانب سے جلدی امراض کے ڈاکٹروں نے قیدیوں کا معائنہ کیا اور انہیں تجویز کردہ ادویات مفت فراہم کی گئیں۔
پیرا میڈیکل اسٹاف اور الخدمت کی ٹیم نے ڈاکٹروں اور قیدی مریضوں کی معاونت کی ۔الخدمت کراچی کے ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ،ڈی آئی جی جیل خانہ جات محمد حسن سہتو اورایس ایس پی سینٹر ل جیل عبد الکریم نے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں کے معائنہ ،ادویات کی فراہمی سمیت تمام مراحل کو دیکھا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔
اس موقع پر سینئر منیجر کوارڈینیشن منظر عالم ،ڈیس ایس پیز اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت جہاں عام شہریوں کیلئے صحت کے شعبے میں بھر پورکام کر رہی ہے ،وہیں جیلوں میں بھی قیدیوں کی خدمت کے کام کررہی ہے ،میڈیکل کیمپ کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔
انہوں نے کہا گزشتہ کئی برس سے کراچی کی جیلوں میں میڈیکل کیمپس کا اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ صحت کی سہولت کی فراہمی کے ساتھ قیدیوں کو جلد اور آنکھوں کے امراض اور ان سے بچاؤ کے لیے شعوروآگاہی پیدا کی جائے ،جبکہ قیدیوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی جاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جیل انتظامیہ کے تعاون سے یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
ڈی آئی جی جیل خانہ جات محمد حسن سہتو نے کہا کہ الخدمت کی کاوشیں قابل قدر ہیں ۔ہم جہاں جیل میں قیدیوں کو دیگر سہولتیں فراہم کررہے ہیں وہیں ان کی صحت کا بھی خیال رکھتے ہیں اور وقتا فوقتاً میڈیکل کیمپس کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ مریضوں میں پیدا ہونے والے امراض کی روک تھا م کی جا سکے ۔





































