قرۃ العین صدیقی
رمضان اللہ تبارک وتعالیٰ کا مہینہ ہےیہ وہ مہینہ ہے جس میں قرآن مجید نازل ہوا۔رمضان المبارک میں مسلمان اللہ کی بندگی اختیارکرتے ہیں،رحمت
مغفرت اور جہنم سے نجات طلب کرتے ہیں۔
اس ماہ کوعبادات اورقرب الہٰی کے حصول کےساتھ ساتھ صحت اورتندرستی کےساتھ گزارنا بھی ہرمسلمان کامقصد ہوناچاہیے۔روزے ہرمسلمان پر فرض ہیں ۔روزے ضرور رکھیں ،مگر رمضان المبارک میں احتیاط ضروری ہے ۔
سحری اورافطار دونوں وقت کم از کم دو لیٹر پانی پئیں ۔ سحری کو فجر سے کم از کم آدھا گھنٹہ پہلے ختم کردیں تاکہ آپ کے پاس پانی پینے کے لیے آدھا گھنٹہ موجود ہو اور پانی آہستہ آہستہ پئیں ۔
پورا دن روزہ رکھنے کے بعد اپنی پسند کا کھانا کھانےمیں کوئی مضائقہ نہیں لیکن افطار کے کھانےکا انتخاب صحیح اور مرچ و مسالےکے بغیر ہونا چاہیے تاکہ آپ کا معدہ درست رہے۔
سحری میں ہلکی پھلکی غذا کھائیں، اس میں میوے اوربیج شامل کریں جو فائبر اور پروٹین سےبھرپور ہوتےہیں۔ 30 منٹ کے وقفے کے بعد قلیل مقدارمیں بھاری غذا بھی کھائی جا سکتی ہے ۔
سحری کےدوران دہی بہترین غذا ہے، دہی معدے کوسکون بخشتا ہے،ایسیڈیٹی کو روکنے میں مدد کرتا ہے اور ساتھ ہی پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے۔ اگرآپ گھر میں دہی نہیں جماسکتےتو بازارسے خرید کر سحری میں اس کا استعمال ضرور کریں۔
رمضان میں روزے رکھنے سے وزن کم ہوتا ہے اور صحت کو بہتر ہوتی ہے۔ کم کیلوریز کھانے کے ساتھ ساتھ 12 سے 14 گھنٹے تک روزہ رکھنے سے نہ صرف آپ کا وزن کم ہوتا ہے بلکہ بلڈ پریشر بھی کم ہوتا ہے، بلڈ شوگر لیول بہتر ہوتا ہے اور دماغی صحت بہتر ہوتی ہے۔ روزہ نظام ہاضمہ کو آرام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہےجس سے جسم زہریلےمادوں کو بہتر طریقے سے ختم کر سکتا ہے۔
روزہ جسم سے خود بخود خراب خلیات کو نکال دیتا ہےاور ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے ، جس کے سبب آپ کو بہتر محسوس ہوتا ہے۔ روزہ میٹابولک ریٹ کو بڑھاتا ہے اور مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے۔ تاہم اگرآپ افطار کے دوران صحت بخش غذا کھائیں گے تو آپ کو روزے میں فائدہ ہوگا۔ زیادہ تلی ہوئی چیزیں کھانے سے پرہیز کریں ۔