
سعدیہ عارف
دنیا میں اگر کوئی رشتہ سب سے زیادہ پاک، بے لوث اور سچا ہے تو وہ ماں کا رشتہ ہے۔ ماں
صرف ایک لفظ نہیں بلکہ ایک ایسی مکمل کائنات ہے جس میں سکون، محبت، قربانی اور دعا کی روشنی رچی ہوتی ہے۔ ماں وہ ہستی ہے جو خود دکھ سہہ کر اپنی اولاد کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھنا چاہتی ہے۔
ماں کی محبت سمندر سے بھی زیادہ گہری اور آسمان سے بھی زیادہ وسیع ہوتی ہے۔
وہ راتوں کو جاگ کر ہمیں سکون کی نیند دیتی ہے خود بھوکی رہ کر ہمیں کھلاتی ہے اور ہر مشکل میں ہمارے لیے ڈھال بن جاتی ہے،اس کی دعائیں ہماری زندگی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتی ہیں جو ہمیں ہر مصیبت سے بچاتی ہیں۔ماں کی گود وہ پہلی درسگاہ ہے، جہاں ہمیں محبت، برداشت اور انسانیت کا سبق ملتا ہے۔ اس کی نرم آواز میں ایک ایسا جادو ہوتا ہے جو ہر درد کو کم کر دیتا ہے۔ جب دنیا بے رحم لگنے لگتی ہے تو ماں کی ایک مسکراہٹ ہمیں دوبارہ جینے کا حوصلہ دے دیتی ہے۔
ہم اکثر اپنی مصروف زندگی میں ماں کی قربانیوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ ماں کے بغیر زندگی ادھوری ہے۔ اس کی قدر کرنا اس سے محبت کرنا اور اس کا احترام کرنا ہمارا فرض ہی نہیں بلکہ ہماری خوش نصیبی ہے۔مدرز ڈے صرف ایک دن نہیں بلکہ ایک یاد دہانی ہے کہ ہمیں ہر دن اپنی ماں کو محبت، عزت اور وقت دینا چاہیے کیونکہ ماں جیسی ہستی نہ پہلے کبھی آئی ہے، نہ کبھی آئے گی۔
آخر میں بس اتنا ہی کہنا کافی ہے۔۔۔ماں وہ روشنی ہے جو کبھی مدھم نہیں ہوتی، وہ دعا ہے جو ہمیشہ قبول ہوتی ہے اور وہ محبت ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتی۔ماں آپ کا ہونا ہی ہماری سب سے بڑی نعمت ہے. اللہ تعالیٰ ہماری ماں کو سلامت رکھے. آمین ثم آمین



































