نزہت ریاض
کراچی کا موسم ہمیشہ معتدل ہواکرتا تھا یہاں کبھی اتنی شدید گرمی نہیں پڑتی تھی جتنی کچھ گزشتہ چند سال سےہورہی ہے، اس کی سب سے بڑی
وجہ ہماری حکومت کی ناقص کارکر دگی ہے، شہرمیں جگہ جگہ کچرے کےڈھیراوران سےاٹھتا تعفن موسم کو گرم سے گرم تر کردیتا ہے ۔شہر میں ہریالی کا نام نشان نہیں جس کی وجہ سے آکسیجن کی کمی بھی موسم کو خراب کرتی ہے۔
بہرحال کراچی کے دکھ لکھنے بیٹھوں توموضوع پر واپس ہی نہیں آ سکوں گی۔ آج ہماری بہنوں کے لیے گرمیوں کی مناسبت سے ایک ہلکی پھلکی ڈش کی ترکیب پیش کررہی ہوں جس سے کچن میں وقت کم لگے گا اور سب گھر والے شوق سے یہ ڈش کھائیں گے۔
اجزاء
دال مسور/ ایک پاؤ
لہسن کی کلیاں / چار سے پانچ
ہلدی /آدھی چمچ
ثابت لال مرچ/چھ سے سات عدد
املی /آٹھ سے دس بیج گودے کے ساتھ
نمک /حسب ذائقہ
تیل حسب ضرورت
چاول کے اجزاء
چاول /آدھا کلو
زیرہ /ایک چمچ
پسا لہن ادرک /ایک چمچ
تیل/تھوڑا سا
دال کو صاف کرکے پندرہ منٹ کو بھگو دیں
اب دال میں تین پیالی پانی ڈال کرتیزآنچ پرابال دے لیں اب اس میں نمک لہسن (کاٹ کر) ہلدی ڈال کردھیمی آنچ پرپکنےدیں۔ مسور کی دال جلد ہی گل جاتی ہے۔ دال گل جائے تو اس میں پہلے سے بھیگی ہوئی املی بیج نکال کر شامل کر دیں اور ہلکی سی گھوٹ کرجتنا آپ پتلی کرنا چا ہیں اتنا پانی شامل کرکے تھوڑی دیر اورپکا لیں اب بگھارتیار کریں ۔ تیل گرم کرکےاس میں لہسن اورزیرہ شامل کریں اوربگھار لگا دیں گارنشنگ کے لیےہرادھنیا اور ہری مرچ باریک کاٹ کراوپر سے ڈال دیں ۔ دال تیار ہے۔
چاول بھی تھوڑی دیر بھگوکر رکھیں ۔اب تیل میں زیرہ اورلہسن ادرک ڈالیں اور پانی شامل کریں ایک ابال آنےپرچاول ڈال دیں اس اسٹیج پر نمک شامل کرکےچکھ لیں ۔ ایک کنی رہ جانے پرچاول دم پرلگا دیں جب تک چاول دم ہوتے ہیں آپ کچومر والی سلاد تیارکرلیں ۔
بمشکل آدھے گھنٹے میں آپ کی کھٹی دال اورچاول تیار ہو جائیں گے،اچاراور سلاد کے ساتھ پیش کریں اور داد وصول کریں۔