لاہور(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے پروگرام کا اعلان کردیا جو رواں سال کے آخر میں ہوگا۔
اس دورے میں پاکستان کرکٹ ٹیم دو ٹیسٹ،تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گی جوڈربن،سنچورین اور جوہانسبرگ میں 10 سے 14 دسمبر تک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کریں گے۔
ون ڈے انٹرنیشنل میچز17 سے22 دسمبر تک پارل،کیپ ٹاﺅن اور جوہانسبرگ میں کھیلے جائیں گے جبکہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ 2023-25کے دو ٹیسٹ میچز سنچورین 26 تا30 دسمبر اور کیپ ٹاون میں3 تا 7جنوری کو کھیلے جائیں گے ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم 19 نومبر کو آسٹریلیا سے واپسی کے بعد 2 دسمبر کو ڈربن کے لیے روانہ ہوگی۔آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم کو 4سے 18 نومبر تک تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلنا ہے۔8 جنوری کو اپنا افریقن ٹور مکمل کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم ہوم گراﺅنڈ میں تین ملکی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ کرے گی،جس کے بعد پاکستان میں 8 ٹیموں کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2025 میں ہوگی۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے دوروں سے قبل پاکستان،بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی بالترتیب دو اور تین ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا۔وہ اگست 2024 سے جنوری 2025 تک چھ ماہ کے عرصے میں 7ٹیسٹ،10ون ڈے اور 6 ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گا۔یہ پاکستان کا1994-95کے بعد جنوبی افریقہ کا ساتواں ٹیسٹ دورہ ہوگا۔