
راولپنڈی (ویب ڈیسک )پنجاب حکومت نے کووڈ19(کورونا) کی تیسری لہرمیں کورونا
کیسوں میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر 15مارچ سے راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں 2ہفتوں کے لئے مکمل لاک ڈاﺅن کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت 28مارچ تک تما م اضلاع میں شادی تقریبات کے ساتھ ہر قسم کے سیاسی ، مذہبی اجتماعات اور سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہو گی۔
اس ضمن میں پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جو کل (بروزپیر)سے نافذالعمل ہو گانوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی ، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد ملتان اورسرگودھا میں مکمل لاک ڈاﺅن ہو گا تمام قسم کے شادی ہال و مارکیاں مکمل طور پر بندرہیں گی، صرف کھلے میدان میں سخت ایس او پیز کے ساتھ شادی تقریبات میں محدود مہمانوں کے ساتھ شادی کی اجازت ہوگی۔ ہوٹلوں کے اندر اور باہر ڈائننگ ہال مکمل بندرہیں گے، صرف ہوم ڈلیوری اور ٹیک اوے کی اجازت ہو گی اسی طرح تمام کاروباری مراکز شام 6 بجے بند کر دئیے جائیں گے۔
ہفتہ و اتوار کو تمام کاروبار بند رہے گاتاہم میڈیکل سٹور، سبزی و فروٹ کی دکانیں ،کریانہ شاپس، پنکچر شاپس، آٹا چکی، چکن ،بیف ،مٹن شاپس، تندور، ٹرک ہوٹل، پٹرول پمس،زرعی مشینری اور آٹوسپیئر پارٹس کے کاروبار کھلے رہیں گے۔




































