
لاہور (ویب ڈیسک)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے عام آدمی کو سہولت دینے اور آمد و رفت کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے انٹرسٹی اور
انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت دے دی ہے اورمسافروں کے لئے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان بھی کیا ہے۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے پٹرولیم کی مصنوعات میں خاطر خواہ کمی کی ہے اور حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات کئے ہیں اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی سے عام آدمی کو بہت ریلیف ملے گا۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے آن لائن ٹیکسی و ٹرانسپورٹ سروس کو بھی کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے تا ہم پبلک ٹرانسپورٹ اور آن لائن ٹیکسی و ٹرانسپورٹ کو وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔مسافروں، ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کے لئے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے۔بسوں میں سینی ٹائزر ز رکھنے کی پابندی ہو گی اور مسافروں کے درمیان ضروری فاصلہ رکھا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بڑے شاپنگ مالزکو بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاورلومز کو بھی کام کی اجازت دے دی گئی ہے،تا ہم اس ضمن میں محکمہ صنعت کو جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنا ہو ں گے۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایس او پیز کے تحت گرجا گھروں میں اتوار کے روز عبادت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کا خطرہ ختم نہیں ہوا بلکہ ہمیں مزید احتیاط کی ضرورت ہے لیکن ہم نے اپنے لوگوں کو کورونا سے بھی بچانا ہے اور بھوک سے بھی۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔




































