
کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام )الخدمت کراچی کی جانب سے اسٹیٹ آف دی آر ٹ کورونا لیب کے بعد پی ای سی ایچ ایس میں ڈرائیو تھرو”
کورونا ٹیسٹنگ سینٹر “ کا افتتاح کر دیاگیا ہے ۔
سینٹر کا افتتاح گزشتہ روز چیئر مین گورننگ باڈی الخدمت لیب اینڈ ڈائیگنو سٹک کمپلیکس ہارون قاسم نے کیا ۔اس موقع پر ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی ،ڈائریکٹر ڈائیگنو سٹک سروسز انجینئر صابر احمداورپروجیکٹ ڈائریکٹر الخدمت ڈائیگنو سٹک سینٹر ڈاکٹر نائلہ طارق نے بھی خطاب کیا۔
تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ہارون قاسم نے کہا کہ الخدمت کراچی کیلئے بڑاکام کررہی ہے ۔الخدمت کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے کہ دو ماہ کے اندر اس نے دوسری بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔پہلے ناظم آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کورونا لیب قائم کی آج ڈرائیو تھرو” کورونا ٹیسٹنگ سینٹر “ کا افتتاح کر دیا گیاہے ۔لوگوں کو کورونا کے ٹیسٹ کی سہولت کی اشد ضرورت ہے ۔کورونا کی وبا ء پھیل رہی ہے اور ٹیسٹ کی سہولت میسر نہیں ،شہریوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے الخدمت نے ناظم آباد میں کورونا لیب قائم کی ۔۔اس سہولت کی فراہمی کامقصد پی سی ایچ ایس ،نرسری ،ڈیفنس ،محمود آباد ،ملیر،شاہ فیصل سمیت دیگر علاقوں کے لوگوں کو ٹیسٹ کی معیاری سہولت فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈائیگنوسٹک سروسز کو پورے شہر میں پھیلانا چاہتے ہیں ۔
راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت نے کوڈ19-کے دوران جہاں لوگوں کی خدمات کے دیگر کام کیے وہاں صحت کی سہولت کی فراہمی کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے ۔انہوں نے کہا کہ وبا کے باعث لوگ مشکل صورتحال کا سامنا کررہے ہیں۔ اللہ سے دعاہے کہ یہ وبا جلد ہم سے دور ہو۔
انجینئر صابر احمد نے کہا کہ الخدمت کی جانب سے ” ڈرائیور تھرو “ کورونا ٹیسٹنگ سینٹر کے قیام کا مقصد شہرکے مختلف علاقوں کے لوگوں کو کورونا کے ٹیسٹ کی سہولت، ان کے قریب پہنچانا ہے تا کہ ناظم آباد تک کا سفرطے کرنے کے بجائے لوگ اپنے قریب تر ٹیسٹ کی سہولت سے استفادہ کر سکیں۔
ڈاکٹر نائلہ طارق نے کہا کہ ناظم آباد میں الخدمت کی جانب سے وائرولوجی لیب بناتے ہوئے یہ فیصلہ کیا تھاکہ کلیکشن پوائنٹس قائم کریں گے ،تاکہ شہر کے دیگر علاقوں کے لوگ بھی سہولت سے استفادہ کرسکیں ۔یہ سینٹر پورا ہفتہ کھلا رہے گا ۔ٹیسٹ 15منٹ کے اندر گاڑی ہی میں مکمل ہوگا ۔ٹیسٹ رپورٹ آن لائن بھی دی جاسکے گی ،جبکہ ہوم سروس کا آغاز پہلے ہی کیا جا چکا ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹر نائلہ طارق نے سینٹر میں ٹیسٹنگ پراسس سے متعلق بریفنگ دی۔




































