
لاہور (ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آج اسلام آباد میں سی پیک اتھارٹی کے دفتر کا دورہ کیا-سی
پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا خیرمقدم کیا-
وزیراعلیٰ عثمان بزداراور چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کے درمیان ملاقات میں سی پیک کے منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے بات چیت ہوئی-وزیر اعلیٰ عثمان بزادرنے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی -چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ نے تفصیلی بریفنگ دی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چین پاکستان کا بااعتماد دوست ہے-سی پیک خوشحالی اور ترقی کا منصوبہ ہے-سی پیک پراجیکٹس کی تکمیل سے پاکستانی معیشت مضبوط ہو گی - سی پیک منصوبوں سے پنجاب کے صنعتی و زرعی شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی-
انہوں نے کہاکہ چین کی حیرت انگیز ترقی ہمارے لئے رول ماڈل ہے-چین کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے معیشت کی مضبوطی کے شعبوں کو فروغ دیں گے-ڈی جی خان، ساہیوال اور میانوالی میں ماڈل ڈیری فارمز بنائیں گے- پنجاب میں اکنامک زونز میں ٹیکنالوجی پارک قائم کریں گے-




































