
اسلام آباد( ویب ڈیسک ،خبر ایجنسیاں ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی ) نے شادی ہالز کیلئے نئے ایس
اوپی ایز جاری کردیے ہیں۔ این سی اوسی کے مطابق کورونا وبامیں کمی کے بعد ملک میں شادی ہالز 15ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
سوشل سرگرمیاں زیادہ ہونے کی وجہ سے کورونا کے حوالے سے یہ سیکٹر ہائی رسک سمجھا گیا تھا، لہٰذااس شعبے میں بیماری کے پھیلاﺅ کے خدشے کو کم کرنے کے لیے این سی اوسی میں مختلف امور پر غوروخوض کیا گیا اور شادی ہالز میں ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کے لیے گائیڈ لائنز مرتب کر کے صوبوں کو ہدایت جاری کی گئیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کورونا وائرس کا پھیلاﺅ مزید کم کرنے کی خاطر شادی ہالز کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔این سی او سی کے مطابق شادی ہالز میں تقریبات کا دورانیہ صرف 2 گھنٹے ہوگا اور ہالز رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ان ڈور تقریبات ککیلئے 300 سے زائد افراد کی اجازت نہیں ہوگی۔ آﺅٹ ڈور تقریبات میں 500 افراد شرکت کرسکیں گے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانوں کے ساتھ ہالزسیل کیے جائیں گے۔ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے نتیجہ میں بھاری جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ شادی ہال ایک مخصوص وقت کے لیے بند کر دیا جائے گا۔ بندش کی صورت میں شادی ہال کا مالک ، ایڈوانس بکنگ کرانے والوں کو پوری رقم کی واپسی کا پابند ہوگا۔نیشنل
کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ کورونا کے باعث دنیا بھر میں بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی ہے۔ بڑے عوامی اجتماعات کورونا وائرس کے پھیلاﺅکا سبب بنتے ہیں۔عوامی اجتماعات کے انعقاد سے متعلق مشاورت جاری ہے۔
مشاورت کے بعد عوامی اجتماعات کے متعلق بھی فیصلے کیے جائیں گے۔خیال رہے کہ اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد 8ہزار 335 رہ گئی ہے اور 3 لاکھ دو ہزار708 صحتیاب ہو چکے ہیں۔حکومت کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کا گراف مسلسل نیچے آرہا ہے لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کیسز میں اضافے کی رفتار کافی سست ہوچکی ہے لیکن پھر بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب شہر قائد میں چھ دن میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں کرنے پر 12 شادی ہالز ، 193 ریسٹورنٹس، 23 دکانیں اور 4 تعلیمی اداروں کو سیل کردیا گیا ، چھ ڈسٹرکٹس میں مختلف ہوٹلز ، بازار ، دکانوں اور شادی ہولز کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کارروائیوں کے دوران کورونا ایس او پیز کو نظر انداز کرنے والوں کے خلاف جرمانے کیے گئے اور کئی جگہوں کو سیل کردیا گیا ، چھ دن کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے 12 شادی ہالز کو سیل ، 5 کو جرمانے کیے گئے جبکہ 47 شادی ہالز کو فائنل وارننگ جاری کی گئی۔




































