کراچی (نمائندہ رنگ نو )ڈپٹی کمشنرضلع وسطی ڈاکٹر محمد بخش دھا ریجو نے الخدمت کراچی کے
سخی حسن پر واقع انجمن کمیونٹی سینٹرمیں قائم ”کورونا ویکسینیشن سینٹر“ کا دورہ کیا ۔
انہوں نے الخدمت کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اوروہاں ویکسینیشن کے لیے آنے والے لوگوں سے بات چیت بھی کی۔لوگوں نے ڈپٹی کمشنر کو الخدمت کے ویکسنیشن سینٹر کے بارے میں بتا یا کہ وہ یہاں آکر مطمئن ہیں۔ انہیں یہاں بہترین انداز میں سروسزفراہم کی جا رہی ہیں ۔
دورے کے موقع پر ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین ،انوار عالم ،منظرعالم ،انصاررضی ،ارشاد احمد ، شاہد پرویز اور دیگر موجود تھے ۔الخدمت نے یہ ویکسینیشن سینٹر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس وسطی حکومت سندھ کے تعاون سے قائم کیا ہے، جہاں اب تک سیکڑوں مردوخواتین کو ویکسین لگائی جا چکی ہے ۔
اس موقع الخدمت کے ذمہ داران نے ڈپٹی کمشنر کو الخدمت کی جانب سے صحت کے شعبے میں انجام دی جانے والی خدمات اورویکسنیشن سینٹر کے قیام اور انتظامات سے متعلق آگا ہ کیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد بخش دھا ریجو نے الخدمت کے کاموں کی تعریف کی اور کہا کہ الخدمت کی خدمات قابل قدر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قیمتی جانوں کو بچانا ہماری اولین ترجیح ہے ۔کورونا کی وبا ابھی موجود ہے ،ختم نہیں ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی ویکسین سے متعلق لوگ ابہام کا شکا نہ ہو ںاور ویکسین ضرور لگوائیں ۔ ڈاکٹر محمد بخش دھا ریجو نے مزید کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ کورونا وبا کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں ،ماسک کا استعمال لازمی کریں ۔