
کراچی ( ویب ڈیسک رنگ نو )فلسطین ۔ اسرائیل تنازعہ کا بنیادی سبب’’ بیلفور ڈکلیریشن‘‘ کی عالمی قانونی حیثیت نہیں کیونکہ
تاج برطانیہ ایسا کرنے کا حق نہیں رکھتا تھا۔معاہدے کے وقت فلسطین سلطنت عثمانیہ کے زیر حکومت تھا نہ کہ برطانیہ کے ۔ مزید برآ ں اس میں استعمال ہونے والی اصطلاح ’’جیوش نیشنل ہوم‘‘ کا ہر گز مطلب یہودیوں کے لیے فلسطین میں آزاد و خومختار ریاست بنانا نہیں تھا۔ ان خیالات کا اظہار ملک کے معروف سیاست دان، ماہر عالمی امور اور پاکستان کے اقوام متحدہ میں سابق مستقل مندوب عبداللہ حسین ہارون نے کیا۔ وہ شوریٰ ہمدرد کراچی کے خصوصی آن لائن اجلاس میں بطور مہمان مقرر خطاب کر رہے تھے جس کا موضوع ’’فلسطین تنازعہ اور ہماری جرات مندانہ خارجہ پالیسی، مزید کیا کیا جاسکتا ہے‘‘ تھا۔ اجلاس کی صدارت شوریٰ ہمدرد کراچی کے اسپیکر جسٹس (ر) حاذق الخیری نے کی۔ ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے بھی اجلاس میں بذریعہ زوم ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس سے شرکت فرمائی۔
عبداللہ حسین ہارون نے کہا بیلفور ڈکلیریشن میں خطۂ فلسطین کی حدود بھی متعین نہیں کی گئیں اور خود برطانیوی حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ دستاویز میں فلسطین میں یہودیوں کی کوئی ریاست قائم نہیں کی جانی تھی۔ مغرب سے فلسطین آنے والے اشکے نازی یہودیوں کا تعلق کبھی کنعان یا فلسطین سے نہیں رہا۔ یہ لوگ بحیرہ اسود کے کنارے واقع الگ ریاست خزار‘‘ کے لوگ ہیں جنہوں نے یہودیت اختیار کی تھی ۔ بعد ازاں یہ لوگ وہاں سے روس اور یورپ ہجرت کر گئے۔ انہی لوگوں نےصہیونی نظریہ قائم کیا ہے۔ ان لوگوں کا کنعان اور فلسطین کے مقامی ہونے کا دعویٰ بالکل بے بنیاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ۱۹۴۷ء میں اقوام متحدہ نے قرار داد منظور کی تھی جس کے تحت دو ریاستیں قائم ہونی تھیں تاہم اس کے بعد عالمی طاقتوں نے اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا نہ کرنے دیا۔ لیکن بہرحال جنرل اسمبلی میں کئی ممالک کی کوششوں سے عالمی طاقتوں کی خواہشات کے برخلاف ۲۰۱۴ فلسطینی عوام کے خلاف اظہار یکجہتی کا سال قرار دیا گیا۔ یہ فلسطین کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔
پاکستان کی آخری بڑی سفارتی کامیابی لاہور مسلم سمٹ کا اجلاس ہے جو ۱۹۷۴ء کو ہوا۔ اس کے بعد سے ہم کوئی بڑا اقدام لینے میں ناکام رہے ہیں۔ پاکستان کو دو مختلف لیکن ممکنہ طور پر سنگین چیلنجز کا سامنا کرنا پرسکتا ہے ایک تو امریکی افواج کے افغانستان سے انخلا کے بعد کی صورتحال اور دوسرا امریکہ اور چین کے تناؤ میں اضافہ۔ دنیا میں نئی شراکت داریاں سامنے آرہی ہیں اور پاکستان کو دونوں چین اور امریکہ سے اچھے تعلقات قائم رکھنے ہیں۔ ان سفارتی چیلنجز اور اندرونی حالات کے باوجود پاکستان نے فلسطین کے معاملے میں ہمیشہ اصولی موقف کو اپنا یا ہے اور عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرائی ہے۔
جسٹس (ر)حاذق الخیری نے کہا کہ یہودی صدیوں سے مغرب کے معاشرے کے ظلم و ستم کا شکار رہے ۔ اُن کا نازی جرمنی کے دور میں بدترین قتل و غارت کیا گیا۔ اس کے مقابلے مسلم سماج میں یہودیوں کو ہر قسم کی سہولت حاصل رہی ۔ لیکن آج اس کا صلہ یہ ملا ہے کہ اسرائیلی فلسطینیوں کے ساتھ وہی کچھ کررہے ہیں جو خود کبھی ان کے ساتھ دوسروں نے کیا تھا۔
پروفیسر محمد رفیع نے کہا اقوام متحدہ کو عالمی طاقتیں اپنی مرضی سے چلاتی ہیں اور اسرائیل نے ان عالمی طاقتوں سے گہرے و اسٹریٹجک روابط قائم کررکھے ہیں۔ حالیہ ظلم کے واقعات اسرائیل کی ظالمانہ پالیسیوں کا عملی ثبوت ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھی ہے اور تمام عالمی فورمز بہ شمول اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ۔
پروفیسر ڈاکٹر خالدہ غوث نے کہا کہ بدقسمتی سے عالمی سیاسی ترجیحات میں طویل عرصے سے تصفیہ طلب کشمیر اور فلسطین شامل نہیں ۔ امریکی دبائو پر مسلم دنیا کے کئی ممالک اسرائیل سے سفاری تعلقات قائم کررہے ہیں۔ فلسطین کی سیاست میں مفادات کی بڑی تقسیم موجود ہے۔ دو ریاستی حل کو حقیقی بنانے کے لیے پاکستان کو اپنی سفارت کاری کے ذریعے تمام فلسطینی سیاست دانوں کو قائل کرنا ہوگا کہ وہ ایک ہوکر اپنے مقصد کے لیے جدوجہد کریں۔
جناب ظفر اقبال نے کہا کہ اسرائیلی اپنا ذہن بناچکے ہیں کہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت بنایا جائے اور وہ فلسطینی زمین ہتھیانے اور یہودی آبادی کاری سے ہرگز باز نہیں آئیں گے۔ یہی اُن کی اصل حکمت عملی ہے ۔ ایسے میں پاکستان اور دوسرے اسلامی ممالک کو چاہیے کہ ایک ساتھ مل کر اسرائیل کو ایسا کرنے سے روکیں۔یروشلم فلسطین کا دارالحکومت ہے۔
کرنل (ر) مختار بٹ نے کہا کہ فلسطین کی موجودہ صورت حال نہ صرف تکلیف دہ ہے بلکہ ناامیدی کی کیفیت بھی بیان کرتی ہے۔اسرائیل کے ظلم کے پیچھے ایک منظم حکمت عملی موجود ہے تاکہ فلسطینیوں کو اُن کی زمین سے کسی طرح بے دخل کردے۔اس کے ساتھ وہ دنیا کے باقی مسلم ممالک پر اپنے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے لیے عالمی طاقتوں کے ذریعے دبائو بھی ڈلوارہے ہیں۔ ایسے میں پاکستان کو اپنی معیشت پر توجہ دینا ہوگی۔
پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالد نے کہافلسطینی اسرائیلی افواج کے ہاتھوں جنگی جرائم کا سامنا کررہے ہیں اور دنیا میں دھیرے دھیرے شعور اُجاگر ہورہا ہے۔ اب سوشل میڈیا کے ذریعے مغربی ممالک کی عوام میں فلسطینیوں کے لیے حمایت پیدا ہورہی ہے جو بہت خوش آئند ہے۔
کموڈور (ر) سدید انور ملک نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کے لیے ایک گہری سازش تیار کی ہے جس پر وہ عمل کررہا ہے۔ اسرائیلی جان بوجھ کر فلسطینی سولین آبادی کو نشانہ بناتے ہیں۔ انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچاتے ہیں اور فلسطینیوں کو مزید غربت کی جانب دھکیل دیتے ہیں اور ایسے حالات پیدا کردیتے ہیں کہ فلسطینی ازخود اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے ہجرت کرجائیں۔اس کے لیے موساد کام بھی کرتی ہے ۔
عثمان دموہی نے کہا کہ فلسطین پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ہمیشہ خصوصی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ پاکستان کے سیاسی اکابرین و راہنمائوں نے فلسطین کی برملا حمایت کی ہے۔قائد اعظم محمد علی جناح بھی اسرائیل کے قیام کے خلاف تھے۔
آخر میں محترمہ سعدیہ راشد نے مہمان اسپیکر عبداللہ حسین ہارون اور معزز اراکین شوریٰ ہمدرد کا اجلاس میں شرکت پر شکریہ ادا کیا جس کے بعد حاذق الخیری صاحب نے اجلاس کا باضابطہ اختتام کیا۔




































