
لاہور (ویب ڈیسک۔خبر ایجنسی) لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس شمس محمود مرزا نے پب جی گیم پر پابندی کی درخواست خارج کر دی۔ عدالت
نے درخواست گزارکے وکیل کی عدم پیروی پر درخواست خارج کی۔
قبل ازیں عدالت نے دائر درخواست وکیل درخواست گزار کی عدم پیشی پر ملتوی کی تھی۔درخواست میں پی ٹی اے اور وفاقی حکومت کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا تھاکہ پب جی گیم سے معاشرے میں عدم برداشت پیدا ہو رہا ہے اور نوجوان نسل اس گیم کی وجہ سے تباہ ہو رہی ہے۔ لہٰذا عدالت پب جی گیم پر پابندی لگانے کا حکم دے۔
درخواست گزار تنویر احمد نے موقف اختیار کیا تھا کہ پاکستان میں پب جی گیم کے منفی اثرات سے کئی ہلاکتیں ہو چکی ہیں،لاہور میں پب جی کے استعمال سے 14 سالہ لڑکے نے اپنی ماں اور بہن بھائیوں کو قتل کیا۔
درخواست گزار نے کہا کہ پب جی کے استعمال سے نوجوان نسل کی ذہنی صحت اور زندگی کو شدید خطرات لاحق ہورہے ہیں،پاکستان میں آن لائن کو ریگولیٹ کرنے کے لیے کوئی قانون موجود نہیں ہے جبکہ بھارت میں آن لائن گیمز کو ریگولیٹ کرنے کے لیے باقاعدہ قوانین وضع کیے گئے ہیں،استدعا ہے کہ آن لائن گیم پب جی پر فوری پابندی عائد کرنے کا حکم دیا جائے۔




































