
کراچی (نمائندہ رنگ نو ڈاٹ کام )شوریٰ ہمدردکراچی کا اجلاس ’’یوکرین ، روس تنازع اورپاکستان کی خارجہ پالیسی‘‘ کے موضوع پراسپیکر جسٹس (ر)
حاذق الخیری کی سربراہی میں گزشتہ روزہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔ ابتدائی کلمات میں جسٹس (ر) حاذق الخیری نےکہا کہ موجودہ عالمی حالات میں جہاں بیک وقت مشترکہ مفادات کی بنیاد پر کئی بلاکس سامنے آرہے ہیں، ایسے میں پاکستان کو غیرجانبداری کی حکمت عملی پر ہی عمل کرنا ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے خدوخال قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خطوط میں بیان ہیں، جن کے مطابق ملک کی خارجہ پالیسی آزاد اور نیوٹرل پالیسی ہونی چاہیے۔ اس زمانے میں بھی سوشلزم اور کیپٹل ازم دو کیمپ موجود تھے لیکن قائد اعظم نے غیر جانبدار خارجہ پالیسی برقرار رکھی جس کا مقصد دنیا کے تمام ممالک سے باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر سفارتی تعلقات قائم کرنا تھا۔
انوار صدیقی نے کہا کہ خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر قومی مفادات کاتحفظ ہوتا ہے۔پاکستان اپنے مفادات کے تحت اپنی خارجہ پالیسی و اقدامات تشکیل دے۔ پاکستان پر یقیناً مغربی ممالک کا سفارتی دباؤ ہے کہ یوکرین کی حمایت کی جائے۔ تاہم پاکستان نے اس معاملے میں بہتر حکمت عملی کا مظاہرہ کیا ہےاور جنگ بندی کی حمایت کرکے یقیناً ایک احسن سفارتی حکمت عملی اپنائی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالد نے کہا کہ دنیا میں مشترکہ مفادات کی بنیاد پر نئے بلاک بن رہے ہیں۔ اب پچھلی سرد جنگ جیسی صورتحال نہیں رہی کیونکہ عالمی تجارت میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔ اسی لیے یورپ میںامریکی خواہشات کےبرخلاف روس کےخلاف کوئی سخت موقف اپنانے کے معاملے میں منقسم رائے موجود ہے ۔ روس اور چین کے ساتھ یورپ کی تجارت امریکا سے زیادہ ہے۔ پاکستان کو ہر ملک کے ساتھ باہمی مفادات کی بنیاد پر سفارت کاری کرنی چاہیے۔
کرنل (ر) مختار احمد بٹ نے کہا کہ پاکستان کے امریکا اور یورپی ممالک کے ساتھ بہت گہرے روابط ہیں۔ ہمیںتعلقات کو مزید بہتر بنانے کی حکمت عملی وضع کرنی ہوگی۔پاکستان چین اور امریکا کے ساتھ بیک وقت اچھے تعلقات رکھ سکتا ہے ، اگر مناسب انداز میں خارجہ پالیسی ترتیب دی جائے۔ ملک کی معیشت کمزور ہے۔ ایسے کڑے وقت میں بدعنوانی کرنے والوں کا محاسبہ کرنے کے بجائےاُنہیں ایمنسٹی اسکیم دینا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔
کموڈور (ر) سدید انور ملک نے کہا کہ جارحیت کی حمایت نہیں کی جاسکتی۔ پاکستان کو یقیناً جارحیت کی مخالفت کرنی چاہیےکیونکہ یہ عالمی اصولوں اور معاہدوں کے برخلاف اقدام ہے، جس کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔ بہ ظاہر لگتا ہے کہ امریکا نے روس کو یوکرین میں پھنسا دیا ہے۔ پاکستان اس تنازعے کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر متحرک کردار کے ذریعےدرست سفارت کاری کرسکتا ہے۔ خارجہ پالیسی کو کارآمد بنانے کے لیے اس میں تسلسل ضروری ہوتا ہے۔ ملک کو درپیش چیلنجز اور عالمی تنازعات کی صورت میں اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیے۔
سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی متوازن ہے تا ہم اس کے عمل درآمد میں کمی رہ جاتی ہے۔ جدیدمواصلاتی ٹیکنالوجی کی بدولت دنیا سمٹ گئی ہے۔ ایک دوسرے پر انحصار بڑھ گیا ہے۔ لہٰذا جنگ کسی بھی خطے میں ہو، اس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوتے ہیں۔ عالمی سیاست میں رسہ کشی پاکستان کے لیے مشکلات پیدا کرسکتی ہے کیونکہ پاکستان معاشی طور پر کمزور ہے۔ ملک کا دفاع مضبوط ہے البتہ ایسے موقع پر اپوزیشن نےسیاسی عدم استحکام پیدا کرکے غیردانشمندی کا ثبوت دیا۔ انہیں ملکی مفاد میں سمجھداری سے کام لینا چاہیے تھا۔
عثمان دموہی نے کہا ہماری خارجہ پالیسی معاشی فوائد کو مدنظررکھ کر بنانی چاہیے۔ امریکا پاکستان کےساتھ تعلقات کوچین کے پیراہے میں دیکھ رہا ہے۔ پاکستان کویہ باور کروانا ہوگا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کسی تیسرے ملک کی وجہ سے قائم نہیں ہیں۔ لہٰذا امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو باہمی بنیادوں پر دیکھے۔ پاکستان امریکا اور یورپ کو وسطی ایشیا میں بہترین اقتصادی کوریڈور فراہم کرسکتا ہے۔ ان ممالک کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینی چاہیے۔
اجلاس کے اختتام پر جسٹس (ر) حاذق الخیری نے تمام شرکا ء کی رائے پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔




































