
کراچی( نمائندہ رنگ نو) الخدمت کی جانب سےنیٹی جیٹی پر ماں اوربچوں کی جان بچانے والے نوجوانوں کے اعزاز میں اتورار کو الخدمت ہیڈ آفس میں خصوصی تقریب کا اہتمام
کیا گیا ۔
نوجوانوں کو مثالی عزم وہمت پرنقد انعامات دیئے گئے،جبکہ ان کی اس جرات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پورٹ گرینڈ کے جنرل منیجر کاشف گرامی،آپریشنل منیجر ضامن رضا، ایگزیکٹوڈائریکٹرالخدمت راشد قریشی،ڈائریکٹرکمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین ، چاروں باہمت نوجوان علی حسن ،شہریار،اویس اور محمد حسن موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے نوجوانوں کواجرکیں پہنائیں اور تقد انعامات دیئے گئے ۔
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے گفتگو میں کہا نیٹی جیٹی پر ہونے والا واقعہ معاشرتی المیہ ہے اور حکومت کیلئے سوا لیہ نشان ہے ۔غربت ،بےروزگاری اورمعاشی تنگدستی کے باعث لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔حکمران تقاریراور بڑے بڑے دعوے تو کرتے ہیں مگر عوام کیلئے کچھ نہیں کررہے، یہاں ظلم اورناانصافی کا نظام ہے ۔یہ نظام اس طرح نہیں چل سکتا۔عوام کو چاہیے کہ وہ ظلم کے نظام کے خلاف ہمارا ساتھ دیں۔
انہوں نے قرآن مجید میں ہے کہ جس نے ایک انسان کی جان بچائی اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی ۔ان نوجوانوں نےجس عزم وہمت کا مظاہرہ کیا ،ماں اور بچوں کی قیمتی جانیں بچائیں میں اس پرپوری قوم کی کی جانب سے انہیں سلام پیش کر تا ہوں ، یہ پورے معاشرے کیلئے مثال ہے اس پر میں پورٹ گرینڈ انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کر تا ہوں،جنہوں نے ماں اور بچوں کو ریسکیو کرنے میں مدد دی ۔حکومت کو چاہیے کہ وہ ان نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرے اور انہیں سرکاری اعزازات سے نوازے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ معاشی بدحالی کا شکار مایوس لوگوں کی مدد کرنا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔ بدقسمتی سے حکمران بدحالی کا شکار لوگوں کیلئے کچھ نہیں کر رہے ۔کوئی این جی او اس مقصد کیلئے کتنا کام کر سکتی ہے۔یہ اصل ذمہ داری حکومتوں کی ہے۔ حکومت کے پاس عوام کے ٹیکسز کا پیسہ ہوتا ہے ،ان کے پاس وسائل ہیں۔حکومت کو چاہیے کہ وہ ساحل سمندر پر لوگوں کی زندگیاں بچانے کیلئے خصوصی انتظامات کر ے اور اس کیلئے مستقل کوئی نظام وضع کرے۔ حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے پورٹ گرینڈ کو سمندر میں لوگوں کی زندگیاں بچانے کے آلات کی فراہمی کا بھی اعلان کیا ۔
کاشف گرامی نے کہا کہ الخدمت شہر میں جو کام کر رہی ہے وقابل قدر ہے ،ان بچوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ماں اور بچوں کی جانیں بچائیں ۔نیٹی جیٹی کے پل پر اس طرح کے واقعات ہوتے رہے ہیں۔پورٹ گرینڈ انتظامیہ جب کسی ملازم کو رکھتی ہے تو اس کے تیراکی میں مہارت کو بھی فوقیت دی جاتی ہے ۔کسی بھی مشکل صورت حال میں پورٹ گرینڈ کے کارکن کسی کی جان بچانے سے دریغ نہیں کرتے ۔
ضامن رضا نے کہا کہ لوگ حالات سے تنگ آکر خودکشیاں کرتے ہیں ،پورٹ گرینڈ نے کئی مواقع پر لوگوں کی جانیں بچائیں ۔




































