
کراچی ( نمائندہ رنگ نو )چیف ایگز یکٹوالخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر کےعوام زکوٰة ،فطرہ ،صدقات اور
عطیات الخدمت کو دیں ۔الخدمت اہل فلسطین کی بھی بھرپور مدد کر رہی ہے اور اب تک فلسطینیوں کیلئے کروڑوں روپےمالیت کی امدادی سامان کی 6بڑی کھیپ غزہ بھجوائی جا چکی ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔فلسطینی عوام اس وقت بہت مشکل میں ہیں ۔ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ بحیثیت مسلمان ہم ان کی پھرپور مدد کریں اورماہ مقد س ” رمضان المبارک میں انہیں یاد رکھیں ۔
یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہی۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت زلزلوں ،سیلابوں اورطوفانی بارشوں اور قدرتی آفات میں بھی عوام کی خدمت میں پیش پیش رہتی ہے ۔الخدمت زندگی کے 8شعبہ جات میں کام کرہی ہے ،جن میں صحت ،تعلیم ،کفالت یتامیٰ ،مواخات، صاف پانی ،کمیونٹی سروسز ،ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور بنو قابل پروگرام شامل ہیں ۔ ماہ رمضان میں الخدمت کی جانب سے مختلف مقامات پر افطار پوائنٹس قائم کیے جاتے ہیں ،تمام اضلاع میں غریب اورمجبور لوگوں کوراشن تقسیم کیا جاتا ہے ۔ہرشعبے میںصرف کراچی کے ہزاروں اور لاکھوں افراد استفادہ کر رہے ہیں ۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ اس وقت کراچی میں 2200یتیم بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کی کی جارہی ہے ۔آغوش ہوم میں 100بچے رہائش پذیر ہیں ،جن کی تعلیم ،صحت ،کھانا اور رہائش انہیں فراہم کی جاتی ہے ۔ان بچوں کو باقاعدگی سے بڑے شاپنگ مال میں عید کی شاپنک کروائی جاتی ہے ۔بنو قابل کے ذریعے 25ہزار لڑکے اور لڑکیاں مفت آئی ٹی ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں ۔
نوید علی بیگ نے کہا کہ ہمارا صحت کے سیکٹر میں بڑا کام ہے ۔کمیونٹی سروسز کے کاموں کا وسیع نیٹ ورک ہے ،مواخات پروگرام کے ذریعے بے روزگاروں کو چھوٹے بلاسود قرضے فراہم کیے جاتے ہیں ۔2022کے سیلاب متاثرین کو سیکڑوں مکانات بنا کر دیئے گئے ۔الخدمت کے تمام کاموں سے براہ راست کمزور اور پریشان حال لوگ استفادہ کر رہے ہیں ۔الخدمت یہ تمام کام مخیر حضرات کے تعاون سے کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماہ مقدس میں ایک نیکی کا ثواب بھی بڑھا چڑھا کر ملتا ہے ،ضروری ہے اس ماہ میں اس اجروثواب کو حاصل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ عوام اور اہل خیرسے اپیل ہے کہ وہ ان منصوبوں میں ہمارا ساتھ دینے کیلئے اپنی زکوٰة ،فطرہ ،عطیات اورصدقات الخدمت کو دیں ۔





































