
راولپنڈی ( رنگ نو ڈیسک) راولپنڈی شہر کے مختلف بازاروں میں خواتین نے ملبوسات کی خریداری کے بعد اپنی عید کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے
چوڑیوں کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے، ایک طرف جہاں ملبوسات کی خریداری کا رجحان بڑھ گیا ہے،وہیں چوڑیاں خواتین کی خوبصورتی اور اسٹائل کا لازمی حصہ بن چکی ہیں۔
خواتین کا کہنا ہے کہ وہ ملبوسات کے ساتھ ساتھ چوڑیوں کا انتخاب بھی بڑی دھیان سے کرتی ہیں تاکہ ان کے لباس کا مجموعی انداز مکمل ہو سکے۔ مختلف رنگوں اور ڈیزائنز میں چوڑیاں خواتین کی شخصیت کو نکھارنے کا ایک اہم جزو بن گئی ہیں اور بازاروں میں چوڑیوں کی مختلف ورائٹیز کی مانگ میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
بازاروں میں چوڑیوں کےاسٹالز بھی زیادہ تعداد میں لگ چکے ہیں،جہاں جدید اور روایتی ڈیزائنز کی چوڑیاں دستیاب ہیں۔ نوجوان لڑکیاں اور خواتین کی پسندیدہ چوڑیوں میں رنگین اور ہلکے وزن والی چوڑیاں شامل ہیں جبکہ بڑی عمر کی خواتین سادہ اور کلاسک ڈیزائنزکو پسند کرتی ہیں۔اس بڑھتےہوئے رجحان سے خواتین کے فیشن میں نیا رنگ اور تازگی آ رہی ہےاور ملبوسات کے ساتھ چوڑیوں کا استعمال ان کی شخصیت کو مزید نکھار رہا ہے۔





































