
اسلام آباد (ویب ڈیسک):الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں سے خالی ہونے والی 9نشستوں پر
ضمنی انتخاب کیلئے شیڈول جاری کردیا ہے۔پولنگ 25ستمبرکو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جمعہ کو جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 22مردان، این اے 24چارسدہ،این اے 31پشاور، این اے 45کرم، این اے 108فیصل آباد، این اے 118ننکانہ صاحب، این اے 237ملیر،این اے 239کورنگی کراچی اور این اے 246کراچی ساؤتھ کی نشستوں پر کاغذات نامزدگی 10 سے 13اگست تک جاری کئے جائیں گے۔
امیدواروں کی ابتدائی فہرست 14اگست کو جاری کی جائے گی۔ ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17اگست جبکہ ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یامسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 20اگست تک دائر کی جاسکیں گی۔
ایپلٹ ٹریبیونل کی جانب سے ان پر فیصلے 25اگست جبکہ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 26 اگست کو جاری کی جائے گی، کاغذات نامزدگی27 اگست کو واپس لئے جاسکیں گے جبکہ اسی روز نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائے گی، امیدواروں کی انتخابی نشانات کی الاٹ منٹ 29 اگست کو ہوگی،جبکہ پولنگ 25ستمبرکو ہوگی جبکہ خیبرپختونخوا سے خواتین کیلئے قومی اسمبلی کی خالی مختص نشست تحریک انصاف کی جانب سے فراہم کی جانے والی خواتین امیدواروں کی فہرست ختم ہونے پر نئے انتخاب کیلئے شیڈول بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست29 اگست کو جاری کی جائے گی۔




































