
کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ سجل علی کا کہنا ہے کہ پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لوگوں کو بھارت میں کام کرنے کا سوچنے کے بجائے اپنی انڈسٹری کی بہتری پر توجہ دینی
چاہیے۔ سجل علی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں پاکستان اور بھارت کے درمیان شوبز انڈسٹری میں اچھے تعلقات کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ یہ بات اہم نہیں ہے کہ ہم اپنے کام کو بھارتی انڈسٹری میں متعارف کروائیں یا ان کے کام کو اپنے ملک میں فروغ دیں،اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں انہیں اپنی انڈسٹری پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے اور اپنے کام کو بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ ہم یہاں کام کر کے اپنی انڈسٹری کو بہتر بنا سکتے ہیں۔سجل علی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ موازنے کی ضرورت نہیں ہے، ہمیں اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔





































