
کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ اشنا شاہ اور ابھرتی ہوئی اداکارہ دنانیر مبین نے عوامی مقامات پر خواتین مداحوں کے بغیر اجازت چھونے
پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ اشنا نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا اور حال ہی میں ایک شاپنگ مال میں پیش آئے واقعے کا ذکر کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ایک اجنبی خاتون نے ان سے ملنے کے لیے ان کے بالوں کو چھوا جس سے ان کا پورا دن خراب ہوگیا اور اس بات کا اندازہ یقینا ان خاتون کو نہیں ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ اگر وہ آنٹی ان کے چہرے کو چھوتیں تو یقینی طور پر ان کا پورا ہفتہ خراب ہوجاتا۔
اشنا کی پوسٹ پر جہاں متعدد صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے ان کی بات سے اتفاق کیا وہیں پارٹی گرل اور اداکارہ دنانیر نے بھی اس حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اس سے بالکل اتفاق کرتی ہوں اور یہ میرے ساتھ بھی ہوا ہے۔
دنانیر نے کہا کہ اس وقت ناگوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب خواتین بغیر اجازت گلے ملتی ہیں اور پھر کمر پر ہاتھ پھیرتی ہیں۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ یہ انتہائی غیر مناسب ہے. برائے مہربانی اس حوالے سے آگاہی مہم چلانی چاہیے کہ لوگوں کی پرائیویسی کا خیال رکھا کریں۔





































