
عصمت اسامہ
قرآن کریم میں کئی اقوام کے عروج و زوال کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے،جن تک رسول پہنچے۔انہیں گناہوں سے
توبہ کرنےکی نصیحت اوراللہ کی اطاعت و فرماں برداری کی تلقین کرتےرہے۔برائیوں کےنتائج سےڈراتے رہےلیکن جن قوموں نےان آسمانی ہدایات کو سنجیدہ نہیں لیا۔ چندروزہ دنیاوی زندگی میں مگن رہیں ۔
ایک مہلت اوروقت دینے کےبعد ان پہ عذاب الہٰی بھیج دیا گیا۔ان کی بستیوں کایہ حال ہوگیا،گویا وہ یہاں کبھی بسائی ہی نہیں گئی تھیں! حالیہ سیلاب میں ایسےمناظرآج ہم اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں ۔
رات گئےبارش کی آواز نےمجھےسوتےسےجگا دیا۔ میں نےآسمان کی طرف دیکھا تو یوں محسوس ہوا کہ وہ غضب ناک ہے۔زندگی میں پہلی بار مجھےبارش سے خوف آیا ۔ تصور میں وہی سیلابی ریلوں کے مناظر ابھرآئےجو دن بھر دیکھے تھے۔ سینکڑوں دیہات صفحہء ہستی سےمٹ گئے۔ بلند منزلہ پکی عمارات یوں گرگئیں کہ جیسے کسی نے انہیں ریت سےبنایا تھا،جولوگ جانیں بچانےکےلئےہجرت پہ مجبورہوئے۔ان کی الگ ہی کیفیات ہیں،اپنا گھرچھوڑنا کب آسان ہواکرتا ہے؟ساری زندگی کی یادیں اس گھر کے دروبام پہ موجود ہوتی ہیں۔ چادراور چار دیواری کے تحفظ کی قدروقیمت اس وقت زیادہ محسوس ہوتی ہے،جب آپ اس تحفظ سے محروم ہوجاتے ہیں۔
الہٰی رحم فرمادے۔ ہم نےبہت ناراض کیاہےآپ کو؟ لیکن آپ کا فرمان ہےکہ میری رحمت،میرے غضب پہ حاوی ہے۔بہت برےہیں ناہم ؟ پرتیرے بندے ہیں ،تیرے در کےسوا کہاں جائیں ؟ اک تو ہی تو اپنا ہے۔یا ربی ،آسمان بھی ہم پہ برس رہا ہے ، پاؤں تلے زمین بھی کھینچ لی گئی ہے۔. سیلابی ریلوں میں تنکوں کی مانند بہتے جارہے ہیں۔
اک بارحضرت یونس علیہ السلام نے بھی گہرے پانیوں میں تجھےپکارا تھا،لا الہ الاانت سبحانک انی کنت من الظالمین ،نہیں کوئی معبود سوائے تیرے ،تو پاک ہے ۔بے شک میں ہی ظالموں میں سے ہوں ۔یا اللہ تو نے جیسے ان کو بچایا تھا ،ہمیں بھی اس کرب سے نجات عطا فرما۔آدھے سے زیادہ پاکستان سیلاب میں ڈوب گیا ،باقی پہ رحم فرمادے مالک۔




































