
عصمت اسامہ
آج میں اپنی ان تحریروں کا ذکر کروں گی جوکہیں شائع نہیں ہوسکیں۔نہ کسی ایڈیٹرکوان میں کوئی خاص بات نظرآئی۔ زمانہء
طالب علمی کا ابتدائی دورتھا ،کبھی کوئی مضمون لکھا،کبھی کہانی لیکن کسی نےپسند نہیں کی بلکہ کوئی توناقابلِ اشاعت جیسے بھاری الفاظ بھی کہہ دیتا۔ وقتی طورپرمایوسی بھی ہوئی کہ لکھنےکا کام وقت طلب اور یکسوئی کےساتھ کیا جاتا ہے،پھرخود ہی اپنی ناکامی پرٹوٹے دل کوجوڑ کےدوبارہ نئےسرے سےکوشش کرنا بھی مشکل لگا۔کیوں کہ ہمیں ناکامی کو قبول کرنا سکھایا ہی نہیں جاتا۔نہ ہم اپنی کمی کوتاہی کو خود سمجھ سکتے ہیں،جب تک کوئی رہنمائی نہ کرے۔خیر،خود ہی اپنا حوصلہ بڑھایا۔اپنےشانےپہ خود ہی تھپکی دی کہ گرتےہیں شاہسوارہی میدان جنگ میں۔
کئی ایڈیٹرزسےرابطہ کیا،کئی ساتھیوں کواپنی تحریریں پڑھوائیں،جہاں کسی خامی کاپتہ چلا،اسے بہتربنایا،مشق جاری رکھی۔ آخراب یہ وقت آیا کہ سب تحریریں شائع ہورہی ہیں ،لیکن اب کیفیت ہے کہ نہ بھی شائع ہوں توغم نہیں ہوتا کہ اپنا کام کرکےاسے اللہ کے حوالے کردیتی ہوں کہ وہ قبول فرمالے ۔اسے یہ چند الفاظ پسند آجائیں توبیڑا پار ہے۔
شہادت ہے مطلوب و مقصود مومن
نہ مالِ غنیمت،نہ کشور کشائی
موجودہ دورمیں ایک عجیب روایت بن گئی ہےکہ مقبولیت کوپسندیدگی کامعیارسمجھا جانے لگا ہے۔لوگ مقبول ومشہور ہونے کے لئے یوٹیوب چینل بناتے ہیں۔پھرمشہور و مقبول ہونے کے لئےہر الٹا سیدھا کام کرکےاپنے تئیں پاپولرہوجاتے ہیں۔کچھ مصنفین نے بھی ایسا کرناشروع کردیا ہے۔اپنی کتابوں پرتبصرے لکھوانےکامقابلہ کرواتے ہیں پھران پرانعام کا اعلان کرتےہیں ۔کیا یہ پیڈ مقبولیت اصلی ہوسکتی ہے؟ کچھ ایسی صورت حال ،میدان سیاست میں بھی نظر آتی ہے۔ حقیقت یہ ہےکہ خودکو کسی میرٹ کے قابل بنانا،اس منصب کے تقاضے نبھانا،اس کی ذمہ داری کو پوراکرنے کےلئے اپنی جان کھپانا یہ اصل کام ہے۔
حدیث شریف میں ہےحضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہےکہ نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا:ترجمہ:جو شخص نمائش اورشہرت کا لباس پہنے گا،اللہ تعالیٰ اسے روز قیامت ذلت ورسوائی کا لباس پہنائے گا۔ پھراس میں آگ بھڑکادے گا۔ سنن ابنِ ماجہ۔اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی نیت کو سچا رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔




































