
عصمت اسامہ
چھ فروری کی صبح برادرملک ترکی میں قیامت خیززلزلہ آیا جس کی شدت ریکٹراسکیل پر 7.9 ریکارڈ کی گئی ،پھراس زلزلے کا دائرہ شام ،فلسطین،اردن
،مصر ،یونان اور لبنان تک پھیل گیا۔ اس کے بعد دوسرازلزلہ شام کےوقت 7.5 شدت کا آیا۔ہزاروں افرادجاں بحق ہوئے ہیں اورہزاروں زخمی ہیں اور ان گنت عمارتوں کے ملبے تلے لوگ ابھی بھی دبے ہوئے ہیں۔ لوگوں کے رونے چلانے کی آوازوں سےقیامت_صغری' کامنظر ہے۔ اللہ تعالیٰ رحم فرمائے۔
رات کو ماؤں نے اپنے بچوں کو تھپک کرلوری دے کر سلایا ہوگا،کیا پتہ تھا کہ صبح ہوگی ہی نہیں ۔سامان سوبرس کا ہے،پل کی خبر نہیں!اتنی بے ثبات ہے زندگی ۔اگر ہمیں اپنی موت کے دن کا ایک روز قبل معلوم ہوجائے تو ہم کیا کریں گے ؟
گھر کا فالتو سامان کسی کو دے دیں گے ؟
صدقہ خیرات کریں گے ؟
عبادت کریں گے ؟
کسی سے معافی مانگیں گے ؟
یا اپنے اللہ سے رجوع کریں گے ؟
قبر کو یاد کریں گے ؟
عدل کریں،نہ انصاف کریں
بس معاف کریں
تو مولا معاف کرے
ویسےترکی کا دکھ ہرمسلمان نےاپنے دل میں پایا ہے۔وجہ یہی ہےکہ ترکی امت مسلمہ کےہلال کا ستارہ ہےجس سے امت کی امیدیں وابستہ ہیں۔ صدر اردوان بھی امت کے مسائل کا درد رکھتےہیں۔ امت_مسلمہ کواس کڑی آزمائش میں ترکی کےساتھ ہرممکن تعاون کرنا چاہیے ۔
سوچنےکا مقام یہ بھی ہے کہ وہ ڈچ اسکالر فرینک جس نے کافی دن قبل ہی اس ہولناک زلزلے کے بارے میں متنبہ کردیا تھا ،اسے کیسے علم ہوا کہ کن علاقوں میں کتنی شدت کا زلزلہ آئے گا ؟قیامت خیز آزمائش میں "الخدمت" اہل پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسلمانان ترکی کےساتھ ہے۔




































