
عصمت اسامہ
ہم اپنے ارد گرد بہت سےافراد کو اپنے شعبہ جات میں بہت کامیاب دیکھتے ہیں،چاہے وہ تعلیمی میدان میں کامیابی ہو ،پروفیشنل ترقی یاکوئی بھی خوشی۔
بعض اوقات دنیا انہیں کوئی مافوق الفطرت شخصیات سمجھتی ہےاور کچھ لوگ توباقاعدہ حسد میں مبتلا ہوجاتے ہیں کہ اس کے پاس یہ سب کچھ آخر ہے کیوں ؟ ہمارے پاس کیوں نہیں ہے؟ (بزبان دیگر اس کو کون سے سرخاب کے پر لگے ہوئے ہیں ؟).
میرے نزدیک کامیابی کے کچھ ضروری عناصر ہیں۔کامیابی کے درجات ہیں۔ کچھ اصول ہیں جن پر عمل کرکے ہم میں سے ہر ایک کامیابی کا کچھ حصہ یا درجہ حاصل کرسکتا ہے۔کامیابی کا پہلا درجہ "خود شناسی "ہے۔ اپنے آپ کو ،اپنی صلاحیتوں ،اپنے مقام کو پہچاننا۔ بہت سی خداداد صلاحیتیں ہم سب میں موجود ہیں جن کا ادراک کرکے ہم انہیں مزید نکھار سکتے ہیں۔ شاعر نے کہا تھا:
اپنے من میں ڈوب کر پا جا سراغِ زندگی
تو اگر میرا نہیں بنتا ،نہ بن ،اپنا تو بن
یہ ایسی بات ہے کہ انسان اپنی دریافت کرلے،خود سےمخلص ہوجاۓاورپھراپنی صلاحیتوں کو اپنی کامیابی کےحصول میں صرف کرے۔جہاں خود میں کمی ،کمزوری ،خامی دکھائی دے،اسے بہترکرنے کی کوشش کرے۔
دوسرا عنصر "محنت "ہے ۔ ایک مسافر جسے اپنی منزل تک پہنچنا ہو،وہ ہاتھ پہ ہاتھ دھرے نہیں بیٹھ سکتا،منزل اسے بلاتی ہے ،آمادہء جدوجہد کرتی ہے ،حرکت میں برکت ہے ،کامیابی کبھی پکی پکائی کھیر نہیں ہوتی۔کام کرنے سے ہوتے ہیں۔
تیسرا عنصر " قربانی " ہے۔ کامیاب لوگوں کی داستانیں سنیں تو ان کے پیچھے کچھ ناکامیوں کی دکھی کہانیاں موجودہوتی ہیں،کچھ تکالیف،کچھ درددل جو انہوں نے سہے لیکن منزل کی راہ کھوٹی نہیں کی۔ کامیابی کی قیمت دردہے۔ انہوں نے وقت قربان کیا،نیندیں قربان کیں،جائز تمناؤں کو پورا کرنےمیں بھی صبر کیا،دل توڑنے والے روئیےبرداشت کئے ،کئ بار دنیا نے انھیں زمین پر پٹخ دیا ،وہ آبگینہ ذات کی کرچیاں سمیٹ کرپھر اٹھ کھڑے ہوئے کہ دنیا کہتی رہے تم کچھ نہیں ہو لیکن مجھے تو پتہ ہےکہ "میں کچھ ہوں " اس لئے کہ میں "خالق کائنات کی تخلیق ہوں جو کچھ بھی عبث نہیں بناتا " اور جہاں سے سلسلہ ٹوٹا تھا،وہیں سے کام دوبارہ شروع کردیا اور مسقل مزاجی کے ساتھ اپنی دھن میں مگن رہے۔
کامیابی ،خطرات کے وقت ، "توکل علی اللہ" کا نام ہے۔جب ہم اپنے حصےکاکام کررہے ہیں،جب ہم درست راستے پر چل رہے ہیں ،ہم کسی کی خاطر نہیں بلکہ رب العالمین کے بتائے ہوئےاصولوں کے مطابق کام کر رہے ہیں تو وہ ذات_باری تعالیٰ ہمیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ وہ رب ،اپنی راہ کے مسافروں کے اشک چن لیا کرتا ہے ۔ وہ اپنے مخلص بندوں کے زخم بھر دیا کرتا ہے ۔ وہ زخمی دلوں کو اپنی رحمت کی پھواروں سے سیراب کردیا کرتاہے۔ وہ کسی کا قرض باقی نہیں رکھتا۔
اس یقین کے ساتھ جب مسلسل کام کیا جاۓ تو پھر کامیابی مقدر بن جاتی ہے ۔یہ دنیا کی کامیابیاں چند روزہ ہیں مگر آخرت کی کامیابی کی کیفیت کی ایک جھلک ضرور ہیں کہ جب دنیاوی کامیابیوں پر اتنی خوشی ملتی ہے تو آخرت کی کامیابی پر مسرت کا کیا عالم ہوگا !جب ہم اپنی آنکھوں سے اعمال نامہ پڑھیں گے اورجانیں گے کہ ہمارا صبر رائیگاں نہیں گیا جو آنسو ہم نے مصلے پر بہائے تھے وہ بارگاہِ الہٰی میں پہنچ رہے تھے ۔ جب اپنی خطاؤں،غفلتوں پر استغفار کرکے اس کی رحمت کا دامن تھاما تھا تو رب کریم نے اپنا دامن چھڑایا نہیں تھا۔ جب کسی کے برے روئیے کا جواب ہم برائی سے دیتے ہوئے خود پر قابو پاگئے تھے اور غصے کا کڑوا گھونٹ پی لیا تھا تو وہ کڑواہٹ ،ایمان کی مٹھاس میں بدل دی گئی تھی ۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو دنیا و آخرت کے امتحانوں میں کامیاب کردے ،آمین




































