
عصمت اسامہ
بخدا چیف جسٹس جناب فائزعیسیٰ نےدل جیت لئے ہیں۔ تقریب حلف برداری کے دوران اپنی اہلیہ سرینا عیسیٰ کو اپنے ساتھ
کھڑاکرکے۔ آئین پاکستان سے وفا کاعہد بھی کیا اور زندگی کے نشیب و فرازمیں ساتھ نبھانے والی بیوی کی قدروعزت افزائی بھی کی ہے ۔ گویا یہ ایک خاموش اعتراف ہےکہ اس مقام تک پہنچنےمیں تمہارا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔
مجھے وہ گزرے ہوئےسال یاد آگئےجب سپریم جوڈیشل کونسل میں جناب فائزعیسیٰ کے اثاثوں سےمتعلق کارروائی کےدوران محترمہ سرینا کو عدالتوں کےچکر لگانا پڑتے تھے۔وہ کٹھن وقت آپ نےکس صبرسےگزارا ہوگا ۔ آج اس صبر کا پھل مل رہا ہے۔
یہ ربیع الاول کا مہینہ ہےجس میں ہم بحیثیت مسلمان اپنےنبیءمہربان صلی اللّٰہ علیہ وسلم کویاد کرتے اور ان کی سیرتِ طیبہ کامطالعہ کرتے ہیں۔
جناب چیف جسٹس کے اس عمل نے بے اختیارحضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے اسوہ کو ذہن میں تازہ کردیا جو ہرموقع پرحضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی محبت اور خدمات کا اعتراف کیا کرتے تھے۔ آپ کا فرمان کہ "مجھے خدیجہ کی محبت عطا کی گئی ہے "(بحوالہ مسلم)۔ ایک اور مقام پر آپ نے حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے بارے میں فرمایا: " وہ اس وقت مجھ پرایمان لائیں جب لوگوں نےمیراانکار کیا اورجب لوگ مجھے جھٹلا رہے تھےتو انہوں نے میری تصدیق کی،جس وقت کوئی شخص مجھے کوئی چیز دینے پرتیار نہ تھاانہوں نے اپنا سارا مال مجھےدے دیا اوران سےاللہ نے مجھے اولاد عطا فرمائی "(الاصابہ ،جلد 8)
ہمارے معاشرےمیں یہ سنت اتنی ناپید کیوں ہوتی جارہی ہے کہ مرد اپنی اہلیہ کی خدمات کا اعتراف اورقدر دانی سب کے سامنے کرنے سےجھجھکتےہیں؟ افسوس کے ساتھ میں نے بڑے پڑھے لکھے مردوں کو بھی بیوی کےمتعلق لطیفے سناتے اورمذاق کرتے دیکھا ہے۔
اہلیہ کی قدردانی اورعزت افزائی ہمارے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی سنت ہے۔خواتین کو بھی تذکیر ہےکہ بیٹے کوبیوی کی قدردانی سکھائیں دیگر سنتوں کی طرح اس سنت نبوی کو رواج دے کر دیکھیں ۔ گھر امن وسکون کا گہوارا بن جائے گا اوریہ سکون مردوں کو مزید اعلیٰ مرتبےومقام عطا کرے گا۔




































