
عصمت اسامہ
دنیا میں سکون سےرہنے کا راز اس میں ہے کہ انسان اس حقیقت کےسامنے سرتسلیم خم کردے کہ" یہ دنیا اس کی نہیں ہے " ، جب تک وہ
اس مادی دنیا کی خواہشات کو اپنا مطمع ء نظر بنائے رکھے گا ،دکھی ہی رہےگا۔ انسان اپنےجیسے انسانوں سے امیدیں لگاتا ہےاور وہ اس کی امیدوں پر پورا نہیں اترتے ،بقول شخصے
~ سرد موسم دکھ نہیں دیتے
سرد لہجے کمال کرتے ہیں
انسان منصوبے بناتا ہےاور انہیں مکمل نہیں کرپاتا ،تو کم از کم اتنا کرے کہ وہ خود کسی کی امیدوں پر پورااترنےکی کوشش کرے ،کسی کے درد کا مداوا کرے،کسی کے لئے کچھ بھی نہیں کرسکتا تواپنے شرسے دوسروں کو بچائےمگر یہ ہر کسی کے بس کی بات نہیں ۔
یہ وہ لوگ کرپاتے ہیں جن کے پاس اپنی خوبیاں اور دوسروں کی برائیاں دیکھنے والی عینک نہیں ہوتی بلکہ ایک ہی ترازو ہوتا ہے جوان کی خطائیں بھی اس میں تولتا ہےجس میں وہ دوسروں کی خطائیں تولتا ہے ۔ ان کے پاس عدل کا ایک ہی معیار ہوتا ہے ۔ ضمیر کا ایک ہی آئینہ ہوتا ہے جو انہیں اپنے نقائص سے ڈراتے ہوۓ کسی دوسرے پر الزام تراشی سے روکتا ہے ۔
انسان کوئی بڑا کام نہ کرے صرف اپنے اندرکی انسانیت کو زندہ رکھے۔ اپنے ضمیر کےآئینے کو صاف کرتا رہے،اس دنیا کی بجائےدوسری دنیا کو سامنے رکھےتو شاید زندگی آسان ہوجائے، شاید کچھ تناؤ کم ہوسکے۔ شاید کچھ غلام آزاد ہوجائیں جنہیں دوسرے انسانوں نے ان دیکھی دیواروں میں قید کر رکھا ہے۔ہرتمنا اور خواہش تب تک رہتی ہےجب تک وہ پوری نہ ہوجائے،اس کے بعد ختم ہوجاتی ہےمگر آخرت کااجر پانے کی طلب ،وہ تمنا ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتی بلکہ انسان کو بھی زندہ رکھتی ہے،ہرطرح کے حالات میں ،ہر موسم میں ،وہ دوڑاتی رہتی ہے۔یقینا" جنت ایسی جگہ ہے جس کا تصور حیات بخش ہے ،اس فانی دنیا کے مفادات کےاسیر وہاں تک نہیں پہنچ سکتے !
یہ نغمہ فصل گل و لالہ کا نہیں پابند
بہار ہوکہ خزاں ،لا الہ الا اللہ




































