
عصمت اسامہ
عصرحاضرمیں میڈیا بشمول الیکٹرانک اورسوشل میڈیا نے ایک عجیب منفیت اورابہام ( کنفیوژن) کےرحجانات کو پروان چڑھایا ہےکہ کسی پر بھی
اعتبار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ایسی شک کی فضا بنادی گئی ہے کہ سیدھی بات میں سے بھی لوگ الٹا معنی اخذ کریں ،حتی کہ تحریروں کا مطالعہ کرنے والے بھی تلاش کرتے ہیں کہ کسی کی طنزیہ ،کاٹ دار، پراسرار یا ذو معنی تحریر پڑھنے کو ملے ۔
اگر کوئی بندہء خدا صاف ،سچی ،سیدھی سی عبارت لکھ دے تو وہ انہیں بھاتی نہیں کہ ارے یہ کیا ، بالکل ہی سیدھا لکھ دیا !ضرور شاعر نے مبالغہ آرائی کردی ہوگی ! یہ کیا ،معاشرے کو آئینہ ہی دکھا دیا ! کسی کے خیال میں ہر انسان دوغلا قرار پایا ،نہ جانے کیوں لوگ ہر دوسرے شخص کی ڈارک سائیڈ تلاش کرنے،عیب ڈھونڈنے میں لگے رہتے ہیں ؟ دراصل زاویہء نگاہ کا فرق ہے۔ نہ تو ہرچیز پراسرار ہوتی ہے،نہ ہر انسان دوغلا ہوتا ہے۔ابھی کچھ صاف ،سیدھے،سچے انسان بھی پائے جاتے ہیں۔ دنیا شاید ان کی وجہ سے ہی قائم ہے۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"مومن بھولا بھالا (سادہ و صاف گو) اور شریف ہوتا ہے، جبکہ فاسق مکّار (فسادی و دھوکے باز) اور کمینہ ہوتا ہے"( بحوالہ : ابو داؤد)۔
ہمیں تو اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے پہلی دعا ہی یہ سکھائی ہے : اھدنا الصراط المستقیم ! دکھا دے ہمیں راستہ سیدھا ۔
اللہ تعالیٰ ہمیں سیدھے راستے پر چلنے اور سیدھی سادھی زندگی گذارنے کی توفیق عطا فرمائے آمین .




































