
عصمت اسامہ
کرمو تیز تیز سائیکل چلا رہا تھا ،وہ اپنے دوست فیکے سے ملنے جارہا تھا ۔ ان دونوں کا تعلق ایک ہی گاؤں سے تھا۔ تین سال قبل وہ دونوں
اچھےمستقبل کی خاطر شہر آئے تھے مگر ان پڑھ بندوں کو شہر میں روزگار کیا ملتا ، سواۓ مزدوری کے۔خاندان اوربرادری کا پیار تو گاؤں میں رہ گیا تھا ۔ یہاں وہ دونوں ہی ایک دوسرے کا خاندان تھے جس کی دیہاڑی لگ جاتی وہ دوسرے کو اپنے کھانے میں شامل کرلیتا ۔ فیکے کا گھر بس تین گلیاں آگے تھا۔
شہر میں حکومت نے جابجا سجاوٹ کی تھی ۔ نہر کے ساتھ لائٹیں لگائی تھیں تو کرمو نے سوچا کہ اپنے دوست کو ذرا شہر کی سیر کروادے ،نہر کنارے بیٹھ کے ٹھنڈی ٹھار قلفی کھائیں گے۔مہنگائی کے زمانے میں یہ قلفی بڑی موج تھی۔ کئی دن سے دونوں دوستوں کی ملاقات نہیں ہوئی تھی ۔وہ سائیکل چلاتا فیکے کی گلی میں پہنچا تو اس کے کرائے پہ لئے کمرے کے دروازے پر تالا پڑا تھا۔
" یہ فیکا کہاں گیا ؟" اس نے ایک راہگیر سے پوچھا
"مزدور کی بات کر رہے ہو ؟" راہگیر نے پوچھا
"ہاں ،وہ ہی مزدور فیکا" کرمو نے سر ہلایا
" وہ تو کل فوت ہوگیا، بیمار تھا شاید، ہم محلے والوں نے کفن دفن کا انتظام کیا ،غریب تھا بہت،اکثر فاقے سے ہوتا تھا بے چارہ " راہگیر تاسف سے کہتا ہوا آگے بڑھ گیا۔
" لے فیکے یار میں تو تجھے نہر کی بتیاں دکھانے اور سیر کروانے آیا تھا ، تو ۔۔۔۔۔ تو اگلے جہان کی سیر کو چلا گیا"
کرمو پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا ۔
امیر شہر سنبھال اپنی دنیا
غریب کے کسی کام کی نہیں




































