
کراچی(نمائندہ رنگ نو ڈاٹ کام )الخدمت کے مفت آئی ٹی کورسز پروگرام ” بنو قابل “2.0کے ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
بنو قابل 2.0کے لیے ایک لاکھ سے زائد لڑکے لڑکیوں نےرجسٹریشن کروائی تھی ،جبکہ ہزاروں بچوں نے کامیابی حاصل کی ہے۔
رزلٹ بنو قابل ڈاٹ پی کے پردیکھا جا سکتا ہے۔ الخدمت کے چیف ایگز یکٹو نوید علی بیگ نے ٹیسٹ کے نتائج کے اجرا کے موقع پر کہا ہے یہ الخدمت کے لیے خوشی کا موقع ہے کہ جس مقصد اور سوچ کے تحت نوجوانوں کے لیے یہ آئی ٹی کورسز شروع کیے تھے اس مقصد میں ہم ایک قدم اور آگے بڑھ رہے ہیں ۔آج اس میں ہمیں ایک اور کامیابی حاصل ہو ئی ہے۔وہ تمام بچے مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اس ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔
نوید علی بیگ نے کہا کہ لوگوں میں آئی ٹی کی تعلیم کا رجحان بڑھ رہا ہے اوریہ نوجوان اس فیلڈ میں آگے جا کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں ۔آئی ٹی سٹی الخدمت کا خواب اور مشن ہے ان شااللہ اس مشن کو ضرور پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ہم نے ہزاروں بچوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے تھے ،2.0میں نہ صرف آئی ٹی ٹریننگ سینٹرز کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے بلکہ کورسز کرنے والے طلبہ کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان آئی ٹی کی دنیا میں اپنا نام پیدا کریں ،اس شعبے میں آگے بڑھیں ،باعزت روز گار کمائیں اوراپنے خاندان کا سہارا بنیں،یہی ہمارا مقصد ہے۔




































