
لاہور(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)لاہور میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کی ریلی میں شامل گاڑیوں کی ٹکر سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق
ہوگئے۔
پولیسترجمان کے مطابق لاہور میں ضلع کچہری کے قریب کالعدم تنظیم کی ریلی کی گاڑیوں کی ٹکر سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم جانبر نہ ہوسکے۔ترجمان نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکاروں میں ایوب اور خالد شامل ہیں اور دونوں اہلکار تھانہ گوالمنڈی میں تعینات تھے۔
دوسر ی طرف میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے احتجاج کے دوران حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے جب ایم اے کالج کے مقام پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم ہوگیا۔تصادم کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی جس کے دوران مظاہرین کی گاڑی تلے 2 پولیس اہلکار آکر جاں بحق ہوگئے۔ علاوہ ازیں ایم اے او کالج کے قریب پولیس اور کالعدم تنظیم کے کارکنوں میں تصادم ہوا اور کالعدم تنظیم کے کارکنوں کے پتھرا وسے ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار زخمی ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق ایس ایچ او اور زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے،ادھر لاہور میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان اپنے سربراہ سعد رضوی کی رہائی کے لیے کا دھرنا لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گیا ہے جس کے دوران کئی مقامات پر مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تصادم کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ خیال رہے کہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے لاہور سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ شروع کردیا گیا ہے۔




































