
اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیل میں قیدیوں کی حالت زار سے متعلق درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ
جاری کر دیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت سے جاری 38 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ میں وفاقی حکومت کو غریب قیدیوں کی مفت قانونی معاونت کی فراہمی کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ غریب انڈر ٹرائل قیدیوں کو ٹرائل میں قانونی معاونت کی فراہمی کیلئے رجسٹرار میکنزم تیار کریں، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ڈی سی راولپنڈی اور ڈی سی اسلام آباد کے ہمراہ اڈیالہ جیل کا دورہ کریں، اڈیالہ جیل کے قیدیوں کو سہولیات فراہمی کے حوالہ سے رپورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کرائیں، سیاسی مداخلت کے بغیر مؤثر کریمنل جسٹس سسٹم ہر شہری کا بنیادی حق ہے، کریمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات کی ضرورت ہے، پاکستان نے قیدیوں کے حقوق سے متعلق 7 بین الاقوامی کنونشنز پر دستخط کر رکھے ہیں، جیل میں قیدیوں سے غیر انسانی سلوک بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، وزیر انسانی حقوق کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیشن کو عملدرآمد کمیشن کا درجہ دیدیا گیا، عملدرآمد کمیشن جیل میں قیدیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت کو تجاویز پیش کرے، تجاویز پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ ہر ماہ کی 30 تاریخ کو رجسٹرار ہائی کورٹ کو جمع کرائی جائے۔ تحریری فیصلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 60 دنوں میں پراسیکیوشن برانچ کا قیام عمل میں لا کر تعیناتیاں کی جائیں، چیف کمشنر اسلام آباد میں جیل کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرنے کو یقینی بنائیں، انکوائری کمیشن کی رپورٹ کو بھی تحریری فیصلے کا حصہ بنایا گیا ہے۔




































