
کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام ) الخدمت کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے متاثرین بارش کیلئے امدادی
سرگرمیاں جاری ہیں ۔شہر کے مختلف علاقوں میں متاثرین بارش کو بڑی تعداد میں کھانا اورپانی فراہم کیا جا رہا ہے ،جبکہ میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں ۔ادھر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم کی جانب سے بارش سے متاثرہ علاقوں میں سروے کا کام جاری ہے اورسروے میں بارش سے تباہ ہونے والے مکانات کے نقصانات کا جائز ہ لیا جارہا ہے۔
الخد مت کی جانب سے سرجانی ،قائدآباد،شاہ لطیف ٹاؤن ،یوسف گوٹھ ،سمیت شہر کے بارش سے متاثر ہ مختلف علاقوں میں کھانا تقسیم کیا جارہا ہے ،جبکہ سرجانی میں یوسف گوٹھ اور سیکٹر فور بی سمیت ملحقہ علاقوں کے متاثرین بارش کا میڈیکل کیمپ میں مفت معائنہ کیا جارہا ہے اور وہاں انہیں ادویہ بھی دی جارہی ہیں ۔
الخدمت کی جانب سے کیمپ میں ماہر جنرل فزیشن ڈاکٹرثمین خان اور پیرا میڈیکل اسٹاف لوگوں کا معائنہ کر رہا ہے ،تاکہ بارشوں کے بعد لوگوں کو وبائی امراض سے بچایا جائے ۔
دریں اثنا چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی انجینئر سلیم اظہر نے کہا ہے کہ الخدمت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے تخمینہ کیلئے سروے کا کام جاری ہے ،جبکہ متاثرین کو کھانا،پانی اور میڈیکل کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔
انہوں نے اہل خیر افراد سے اپیل کی متاثرین بارش کی بحالی کیلئے الخدمت کے ساتھ تعاون کریں ۔




































