
کراچی(ویب ڈیسک)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ دنیا میں کوئی شہر اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک اس
کی بلدیہ کے پاس اختیارات نہ ہوں، کراچی میں قائم تمام سرکاری محکموں کو ایک سسٹم کے ماتحت کیا جائے، شہر کا سب سے بڑا مسئلہ درست مردم شماری ہے، اگر شہر کی درست مردم شماری ہی نہ کی گئی ہو تو منصوبہ بندی کیسے کی جاسکتی ہے، کراچی کی مردم شماری درست کرلی جائے تو صوبائی اسمبلی میںکراچی کی نشستیں 62ہوجائیں گی اور مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میںجے آئی یوتھ کے تحت ”حقوق کراچی تحریک“اور 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر عظیم الشان ”حقوق کراچی مارچ“ کے سلسلے میں با اختیار شہری حکومت۔ناگزیر کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پہلے مسلم لیگ (ن)کے ساتھ مل کر کوٹہ سسٹم میں 20سال کو توسیع کی اور اب پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر کوٹہ سسٹم کو غیر معینہ مدت تک بڑھادیا ہے، کراچی کے نوجوانوں کو روزگار ملنا چاہیے، شہر کے بچے ، بزرگ ،نوجوان، وکلائ، دانشور ،اساتذہ سمیت تمام طبقہ فکر سے وابستہ افراد جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں،امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق 27 ستمبر کو شاہراہِ قائدین پر خصوصی خطاب کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ۔
حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کراچی نے حقوقِ کراچی کی تحریک تیز کردی ہے، جماعت اسلامی کراچی نے شہر کراچی کوتعمیر کیا ہے، بدقسمتی سے ہمارے ملک کے عوام کی رائے پر قبضہ کرنے کا عمل شروع ہوا، شہر کراچی کو ہمیشہ سے طالع آزما قوتوں نے ترقی سے روکے رکھا، سابق سٹی نعمت اللّٰہ خان شہر میں مثالی اور ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے، شہر میں پینے کے صاف پانی کے لیے ”کے تھری “کا منصوبہ بنایا اور ”کے فور “کا منصوبہ پیش کیا،نعمت اللہ خان کے بعد سے اب تک کے فور منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا، ماس ٹرانزٹ بھی نعمت اللہ خان نے پیش کیا جسے بابر غوری اور فاروق ستار نے پروجیکٹ کو مکمل نہیں ہونے دیا۔
سیمینار سے نائب امیرجماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی،این ای ڈی یونیورسٹی کے پروفیسر رضاعلی خان ، کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر منیر اے ملک ،ایڈیٹر روزنامہ جسارت مظفر اعجاز، صدر جے آئی یوتھ کراچی ہاشم یوسف ابدالی ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔




































