
کراچی (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)کراچی میں وفاق المدارس کے سابق سربراہ مولانا سلیم اللہ خان مرحوم کے
صاحبزادے اورجامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان قاتلانہ حملے میں اپنے ڈرائیور سمیت شہید ہوگئے۔
کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود ڈاکٹر عادل اور ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے جب کہ حملے میں ڈرائیور بھی جاں بحق ہوگیا۔
لیاقت نیشنل اسپتال کے ترجمان انجم رضوی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائرنگ سے ڈاکٹر عادل جاں بحق ہوئے ہیں۔جناح اسپتال کی ڈائریکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ جاں بحق دوسرے شخص مقصود کی لاش جناح اسپتال لائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق مولانا ڈاکٹر عادل خان ویگو گاڑی میں شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں موجود تھے کہ ان کی گاڑی پر مبینہ طور پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی۔لیاقت نیشنل اسپتال ذرائع کے مطابق مولانا عادل خان اسپتال لائے جانے کے دوران انتقال کر چکے تھے۔
اسپتال ترجمان کے مطابق مولانا عادل خان کو دو گولیاں لگیں۔ڈاکٹر عادل خان جامعہ فاروقیہ کے مہتمم تھے اور مولانا سلیم اللہ خان کے صاحبزادے تھے۔




































