
پشاور(ویب ڈیسک ) پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا اور بدھ کو پشاور سمیت
ملک بھر میں پہلا روزہ ہوگا۔ مر کزی رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک سن 1442 ہجری کے چاند نظر آنے کا اعلان کردیا ،رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت پشاور میں ہوا جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور کراچی میں ہوئے۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد نے اجلاس کے بعدپریس کانفرنس میں چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ زونل کمیٹیوں کی جانب سے چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد مولانا عبد الخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں کئی مقامات پر مطلع صاف تھا اور چاند کے حوالے سے شہادتیں موصول ہوئیں،اسلام آباد ،بدین ،سوات ،ما لا کنڈ ،لاہور ،کراچی سمیت دیگر علاقوں سے چاند دیکھے جانے کی شہادتیں موصول ہوئیں آج بدھ کو پہلا روزہ ہو گا ،رمضان المبارک کی آمد پوری قوم کو مبارک ہو ۔
واضح رہے کہ پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد 17سال بعد کیا گیا ۔وزارت سائنس وٹیکنالوجی اور رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پہلے ہی پیشگوئی کردی تھی کہ منگل کو رمضان المبارک کا چاند نظر آجائے گا اور ملک بھر میں بدھ کے روز ایک ہی دن پہلا روزہ ہونے کا امکان ہے۔




































