کراچی ( ویب ڈیسک)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بحریہ ٹاؤن پر حملے، جلاؤ گھیراؤ اور
املاک کوشدید نقصان پہنچانے کے حوالے سے متاثرین بحریہ ٹاؤن سے ملاقات و اظہار یکجہتی کے لیے بحریہ ٹاؤن کا دورہ کیا۔متاثرین اور دیگر مکینوں سے مل کر حالات سے آگاہی حاصل کی۔
مکینوں نے واقع کی تفصیلات بتائیں، حافظ نعیم الرحمن نے متاثرین کو یقین دلایا کہ وہ ان کے ساتھ ہیں۔اس موقع پر انہوں نے میٖڈیا کے نمائندوں سے بھی گفتگو کی اور مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری تحقیقات کی جائے، ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے، نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج نہیں بلکہ کھلی دہشت گردی اور حملہ تھا جسے ہونے دیا گیا۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت لوٹ مار کی گئی ہے۔ اس کی تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ حکومت عوام کو بتائے کہ پہلے سے اطلاعات اور خدشات کے باوجود روک تھام کے لیے مناسب حکمت عملی کیوں نہیں اپنائی گئی۔جلاؤ گھیراو اور لوٹ مار حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے کھلا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ متاثرین بحریہ کے مسائل حل کریں۔ بحریہ ٹاون کی بھی ذمہ داری ہے کہ متاثرین کی مدد کرے اور سیکوریٹی کے انتظامات کو بہتر کیا جائے۔ ملک ریاض بحریہ ٹاؤن کے متاثرین کے مسائل حل کریں،الاٹیز کو فوری طور پر پلاٹ دیں اور ریفنڈ لینے والوں کو فوری ادائیگی کی جائے اور وہ اپنی پوزیشن کو واضح کریں۔ بحریہ ٹاون کے مکین سخت پریشان حال ہیں۔ یہ سب پاکستانی ہیں۔ بحریہ ٹاون پروجیکٹ کراچی اور سندھ کے لوگوں کا پروجیکٹ ہے۔ اس پروجیکٹ کو دہشت گردی کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 30 سال سے ایک سازش اور منصوبے کے تحت کراچی کو لسانیت و عصبیت کی آگ میں جھونکا گیا۔ کراچی اب مزید لسانیت و عصبیت کا حامل نہیں ہوسکتا۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت واقعے کو لسانی رنگ دینے کی سازش کی جارہی ہے۔ جماعت اسلامی بحریہ ٹاؤن کے متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے 2 سال سے مسلسل جدو جہد کر رہی ہے آج دیگر پارٹیوں کو بھی بحریہ ٹاؤن یاد آگیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے کراچی کے ساتھ نا انصافی،حق تلفی اور استحصال کرتی آرہی ہے۔ جعلی ڈومسائل کے ذریعے کراچی کے لوگوں کا حق مارا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دو روز قبل یہاں پاکستان کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ حساس اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ایسے لوگوں کو سزا دی جائے۔اس موقع پر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پبلک ایڈ کمیٹی گزشتہ دو سال سے بحریہ ٹاون کے متاثرین کے مسائل کے حل کی جدوجہد کررہی ہے۔ جماعت اسلامی متاثرین کے ساتھ ہے، مسائل کے حل تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔