کراچی( نمائندہ رنگ نو ڈاٹ کام ) آل سندھ پیرنٹس فورم کے چیئر مین نے شہزاد مظہرنےکہا ہے کہ اسکولوں میں بچوں کی جبری ویکسی نیشن
کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ویکسی نیشن کا جبری طریقہ آئین کے احکام کی نفی کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے باہر آل سندھ پیرنٹس فورم اور آزاد انسان تحریک کی جانب سے اسکولوں میں طلبہ کی جبری ویکسی نیشن کیخلاف مظاہرے کے بعد ”رنگ نو ڈاٹ کام “ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
قبل ازیں مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرے میں اسکولوں کے طلبہ ،والدین اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک تھے ۔تمام شرکا نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ،جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ویکسی نیشن کیخلاف نہیں ،مگر بچوں اور والدین پر جبرنہ کیا جائے ۔
چیئر مین آزاد انسان تحریک عبد اللہ سلیم نے کہا کہ اسکول کے بچوں کو جبری طور پر ویکسین لگانا سمجھ سے باہر ہے۔انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں بچوں کو جو فارم دیئے گئے ہیں ان میں واضح طور پر لکھا ہے کہ ویکسین کے نتائج کے ذمہ دار والدین خودہوں گے ،جب والدین پر نتیجہ ڈالا جا رہا ہے توو الدین کی مرضی ہونی چاہیے کہ وہ ویکسین لگوائیں یا نہ لگوائیں ۔اس میں زبردستی کی کیا ضرورت ہے ۔
مسز نادر نے کہا کہ ویکسین کے منفی اثرات بھی سامنے آرہے ہیں ۔لیکن ویکیسن لگانے پر دباؤ ڈالا جارہا ہے جو زیادتی ہے ۔انتصار احمد غوری نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کر تے ہیں کہ بچوں کی صحت کی خاطر ویکسی نیشن کیلئے جبر نہ کیا جائے ۔