
وہاڑی( ویب ڈیسک)پنجاب کے شہر وہاڑی میں طالب علم مبینہ طور پر کورونا ویکسین لگنے سے جاں بحق ہوگیا ۔ اسلامیہ ہائی اسکول میں دسویں
جماعت کے 16 سالہ طالب علم محمد مدثر کو 2 روز قبل اسکول میں کورونا ویکسین لگائی گئی تھی،جاں بحق والدین نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا ۔
جاں بحق ہونے والا طالبِ علم پیرمراد کالونی ملتان روڈ وہاڑی کا رہائشی تھا۔طالب علم کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی گئی۔
بچے کے والد فلک شیر کے مطابق محمد مدثر کو دو روز قبل اسکول میں ویکسین لگائی گئی تھی۔ان کا بیٹا اسکول کا کام کررہا تھا کہ اچانک نیچے گرا اور اس کی موت واقع ہو گئی،بچے کے والد نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداراوراعلیٰ حکام سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
دریں اثنا سی ای او ہیلتھ وہاڑی ڈاکٹر انجم اقبال نے کہا ہے کہ اسکول میں 70 بچوں کو کورونا ویکسین لگائی گئی تھی، ضلع بھر 30ستمبر کو ایک دن میں 60 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی۔12سال سےزائد عمر کے 7 ہزار طلباء و طالبات کو بھی کورونا ویکسین لگائی گئی ہے، کہیں سے بھی ویکسین لگنے کے بعد کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ محکمہ صحت کی ٹیم بچے کی ہلاکت کی تحقیقات کرکے رپورٹ کرے گی۔
ادھر سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے وہاڑی میں مبینہ طور پر کورونا ویکسین لگانے سے طالب علم محمد مدثر ولد فلک شیر کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔

سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسرڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی وہاڑی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔
ترجمان محکمہ صحت جنوبی پنجاب کے مطابق سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب کی ہدایات پرچیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی وہاڑی نے انکوائری کمیٹی قائم کردی جوآئندہ 24گھنٹوں میں واقعہ کی تفصیلی رپورٹ پیش کرکے گی۔




































