
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے وفاق کو 10 دن میں نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات سے متعلق ڈیٹا، ضروری دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نوٹیفکیشن نہ آنے کی صورت میں الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں شروع کردے گا،دوسری جانب سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن نے فیصلہ جاری کیا ہے،الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت سے دو ہفتے میں قانون سازی اور ضروری تفصیلات طلب کرلیں۔




































