
کراچی( نمائندہ رنگ نو ) الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت بانی پاکستان ”قائد اعظم محمد علی جناح “کے یوم ولادت پر لیاری اور کورنگی کلیسٹرز میں
تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقع پر باہمت یتیم بچوں کے درمیان تقاریر اور ملی نغمات کے مقابلے منعقد ہوئے ۔
تقریبات میں باہمت بچوں ،ان کی ماؤں اور سرپرستوں نے شرکت کی ۔باہمت بچوں نے ” قائد اعظم محمد علی جناح “ کے عنوان سے کی گئی تقاریر میں بانی پاکستان کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا ۔اس موقع بانی پاکستان کے موضوع پر ایک ورکشاپ کا اہتما م کیا گیا ،جس میں باہمت بچوں کو قائداعظم محمد علی جناح کے اقوال وافعال اور ان کی ملک کیلئے خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا گیا ۔
بچوں کو بتا یا گیا کہ قائداعظم ایک ذہین اور ایماندار انسان تھے ۔ ان کی جدوجہد مسلمانان برصغیر کے علیحدہ وطن کے حصول کیلئے تھی ،جس کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا ا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم چاہتے تھے کہ ملک کے نوجوان اور بچے اس ملک کی ترقی کیلئے زیادہ سے زیادہ اعلیٰ تعلیم حاصل کریں۔وطن کا نام روشن کریں ۔تقریب کے اختتام مقابلہ تقاریر اور ملی نغمات میں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔
دریں اثنا ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کہا کہ ایمان ،اتحاد اور تنظیم کا نصب العین ہمارے لیے جامع منشور ہے اوریہ ہمارے قائد کی دور اندیشی ،فکر اور تدبر کا عکاس ہے ۔
انہوں نے کہا کہ قوم صحیح معنوں میں ان تین الفاظ پر مشتمل نصب العین کو اپنائے اور اس کو قومی کردار میں ڈھالے تو کوئی وجہ نہیں کہ وہ اقوام عالم میں باوقارانداز میں کھڑی نہ ہو۔




































