
کراچی( نمائندہ رنگ نو ڈاٹ کام )الخدمت کراچی کےآرفن کیئر پروگرام کےتحت”یوم یکجہتی کشمیر“پر باہمت یتیم بچوں نے
مظلوم کشمیریوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا اور انہیں آزادی کی بے مثال جدوجہد پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
خصوصی تقریب کے ساتھ واک کا بھی اہتمام کیا گیا،جس میں بچوں،ان کی ماؤں اور الخدمت کے ذمہ داران نےشرکت کی ۔
ہفتے کو الخدمت ہیڈ آفس میں ”یکجہتی کشمیر “کےسلسلے میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں تقریری اور ملی نغموں کا مقابلہ منعقد کیا گیا ۔
تقریب کی صدارت ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نےکی ،تقریب سے سابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی عمر احمد خان اور ہارون راجپوت نے بھی اظہار خیا ل کیا ۔
اس موقع پر راشد قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔پاکستان اس کے بغیر نا مکمل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 1989کو 5فروری پہلی بار”یوم یکجہتی کشمیر “کے طور پر منایا گیا۔سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کی عظیم جدوجہد تھی کہ ان کی کوششوں سے یہ دن سرکاری طورپرمنایا جانے لگا ۔آج یہ دن دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت طےہوا تھا کہ مسلم اکثریت والےعلاقے پاکستان میں شامل ہوں گے۔ کشمیر کا مسئلہ تقسیم ہند کے بعدریفنڈم کے ذریعے حل کر لیا جائے گا اور وہاں کے لوگوں کی رائے اور مرضی کے مطابق اگر وہ پاکستان کے ساتھ جانا چاہیں گے یا علیحد ہ رہنا چاہیں گے تو انہیں ان کی مرضی کے مطابق آزاد رہنے کاحق دیا جائے گا،مگر انگریز اور ہندوسامراج کی ساز باز نےاس مسئلہ کو حل نہیں ہونے دیا ،بلکہ مقبوضہ وادی میں آٹھ لاکھ بھارتی افواج اتاردی گئیں جو مقبوضہ وادی میںآج تک ظلم وستم کا بازار گرم رکھےہوئے ہے ۔
راشد قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرادردایں موجود ہیں ،کشمیری اپنا حق مانگ رہےہیں،مگردنیا آج بھی تماشا دیکھ رہی ہے ۔بھارت کی جانب جھکاؤ کی وجہ سے امریکا ودوسری طاقتیں مسئلہ حل نہیں کررہیں ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکا مسئلہ بذور قوت حل ہوسکتا ہے۔ بھارتی فوج ہمارے جذبہ ایمانی کےسامنے نہیں ٹھہر سکتی ۔ریاست اور پاک فوج کردار ادا کریں تو پوری قوم ان کے ساتھ ہے ۔
عمر احمد خان نے کہا کہ یتیم بچےہمارے لیے ہیرے اورنگینےہیں ۔یہ قوم کا بہترین مستقبل ثابت ہوں گے ،مگر ان کی اچھی تعلیم وتربیت نہایت ضروری ہے اور یہ کام الخدمت کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا ،مگر بھارت 75برس سےاس پر قابض ہے ۔کشمیر ی اپنا حق چاہتے ہیں۔وہ پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ۔کشمیر ہمارا ہے اور ہمیں اس کی سفارتی ،نظریانی اور جغرافیائی مدد جاری رکھنی ہوگی ۔ تقریب کے اختتام پر مقابلہ تقریر اور ملی نغمے میں شریک پوزیشن ہولڈر بچوں میں شیلڈز اوردیگر تمام شرکا کو اسناد پیش کی گئیں ۔




































