
اسلام آباد(ویب ڈیسک)ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایاگیا،ریلیوں،جلسوں اور تصویری نمائش کا انعقاد کیاگیا۔
پوری پاکستانی قوم نے ہر سال کی طرح اس سال بھی روایتی جوش و جذبہ کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیرمنایا،کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پورے ملک میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی۔ صدر مملکت عارف علوی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے شرکت کی۔ ریلی میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی اور وزیر مملکت زرتاج گل بھی شریک ہوئیں۔ فضا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی۔
لاہور میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب سے گورنر پنجاب نے خطاب کیا۔ چودھری سرور کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازا گرم کر رکھا ہے۔ کشمیریوں کو پابند سلاسل کیا گیا ہے، ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، کشمیریوں کو ضرور آزادی ملے گی۔پشاور میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ریلی نکالی گئی۔ وزیراعلی محمود خان بھی ریلی میں شریک ہوئے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت اور جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، بھارتی قبضے سے آزادی تک کشمیری عوام کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔
زیارت میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو بھی شریک ہوئے۔ بھمبر، کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی راولاکوٹ میں یوم یکجہتی کشمیر پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ میرپور آزاد کشمیر میں منگلا اور دھان گلی پلوں کے مقام پر بھی ہاتھوں کی انسانی زنجیر بنائی گئی۔




































