
کراچی(نمائندہ رنگ نو)دو جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئےاورغریب والدین کی بیٹیاں اپنے پیا گھرسدھار گئیں۔ تقریب میں مختلف سماجی
شخصیات نے بھی شرکت کی۔
سائیگاؤں ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سےکراچی کےعلاقے کورنگی میں مسجد عثمان اور ضلع ٹھٹھہ کےگاؤں جھمپیر (ہالےجھیل بنگلہ نمبر 26)میں مستحق ،نادار خاندان سے تعلق رکھنے والے دو جوڑوں کی شادی کی تقریبات منعقد کی گئیں ۔
جھمپیرمیں ولی محمد کےصاحبزادے 22 سالہ سکندر اور نظیرمحمد ملاح کی صاحبزادی 20سالہ نظیراں رشتہ ازدواج سےمنسلک ہوگئے۔
نکاح کے بعد ون ڈش سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ دلہنوں اوراہلخانہ کا کہنا تھا کہ سائیگاؤں ویلفیئر کی طرف سےاتنی بڑی نیکی کا کام ہمارے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
آخر میں دونوں دلہنوں کوان کے والدین نے نیک تمناؤں کےساتھ رخصت کیا ۔اجتماعی شادی کی تقریبات میں سماجی ،مذہبی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایس ڈبلیو او کےصدرمحمد سمیع الدین انصاری اورجنرل سیکریٹری راشد سلفی کاکہناتھا کہ سائیگاؤں ویلفیئر دکھی و محروم انسانیت کی فلاح اور مدد کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔رضاکارانہ خدمات کی انجام دہی کے لیے معاشرے کے ہر طبقے میں افراد کار بالخصوص طلبہ اور نوجوانوں کو آگے بڑھانا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہاکہ سائیگاؤں ویلفیئرایسوسی ایشن گزشتہ 4دہائیوں سے خدمت خلق اورفلاح وبہبود کےکاموں میں مصروف عمل ہےاورانسانیت کی خدمت کو مشن کےطورپر اپناتےہوئےاپنی ٹیم کےساتھ زندگی کےمختلف شعبوں میںاپنےمحدود وسائل اور لازوال جذبے کےساتھ کردار ادا کررہی ہے۔
غریب خاندانوں کی کفالت کا فریضہ بہت بڑی عبادت ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی علاقے کی سماجی شخصیت علی نوازنے کہاکہ سائیگاؤں اب تک کئی ایسے نادار گھرانوں کی بچیوں کی شادیاں کر اچکی ہے، جو اپنی جوان بیٹیوں کے ہاتھ پیلے کرنے کی استعداد نہیں رکھتے۔ کم وسائل کے حامل خاندانوں کے مرد و خواتین کی اجتماعی شادیوں کا اقدام رضائے الٰہی کے حصول کے علاوہ معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے خوشگوار زندگی گزارنے کا وسیلہ بھی بنتا ہے۔تقریبات کے دوران ان نئے جوڑوں کو ازواجی زندگی شروع کرنے کے لیے سامان اور رقم بھی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر ایس ڈبلیو اے ضلع ٹھٹھہ کے صدر ولی محمد نے کہا کہ ایسے اقدامات آج کے دور میں کافی اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ایسے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔




































