وزیرآباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)چیئرمین پی ٹی آئی پر حملہ کرنے والے شخص نے عمران خان کے قتل کی منصوبہ بندی کا
اعتراف کرلیا، حملہ آور کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر حملہ کرنے والے شخص کو پنجاب پولیس نے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے، جہاں سے پولیس نے ملزم کا اعترافی ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔ حملہ آور محمد نویدنے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ اس نے صرف عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکا۔
ملزم نے پولیس حراست میں کہا کہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کررہا تھا، اذان کے دوران ڈیک چلا رہا تھا، انہی وجوہات کی بنا پر عمران خان کو مارنے کا فیصلہ کیا کیوں کہ میرے ضمیر نے یہ چیزیں گوارا نہیں کیں۔ ملزم کے بیان میں تضاد پایا جاتا ہے کیوں کہ ملزم ایک جانب کہتا ہے کہ عمران خان کے قتل کا فیصلہ اچانک کیا اور فائرنگ کردی ،جب کہ دوسری جانب ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ جب لانگ مارچ کا لاہور سے آغاز ہوا تب ہی عمران خان کے قتل کا منصوبہ بنالیا تھا۔
ملزم نے بتایا کہ فائرنگ کرنے پر کسی کی حمایت حاصل نہیں، نا وقوعہ کے وقت اس کے ساتھ کوئی موجود تھا،ملزم نے پولیس حراست میں بیان دیا کہ میں گھر سے اکیلا ہی نکلا تھا، پھر لانگ مارچ کے قریب ماموں کی دکان پر بائیک کھڑی کرکے جائے وقوع پر پہنچا اور عمران خان پر فائرنگ کردی۔
حملہ آور کا نام محمد نوید اور والد کا نام محمد بشیر ہے، آرائیں فیملی سے تعلق رکھنے والے محمد نویدسوہدرہ ضلع وزیرآباد کا رہائشی ہے، جس سے نائن ایم ایم اور دو خالی میگزین برآمد کر لیے گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق اب ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کروایا جائے گا ۔