
کراچی( نمائندہ رنگ نو)الخدمت کراچی کے تحت تعمیر وطن پروگرام اور کسان بحالی پروگرام “کےسلسلے میں متاثرین سیلاب کیلئے امدادی کام جاری ہیں ۔
الخدمت کراچی کی جانب سیلاب کے دوران اپنے مال مویشی سے محروم ہونے والے متاثرین میں بکریاں تقسیم کردی گئیں ،جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم نے منیجر سرفراز شیخ کی قیادت میں دورہ کیا ۔
الخدمت کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم نےسیلاب سے متاثرہ ڈیرہ غازی خان میں کسانوں میں بکریاں تقسیم کیں ۔اس موقع پرمتاثرین سیلاب اورعلاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم نے بلوچستان کے علاقے جعفرآباد ،صحبت پورکا بھی دورہ کیا ،ٹیم وہاں الخدمت کےتحت قائم خیمہ بستی گئی اوررمتاثرین سیلاب سے ملاقاتیں کیں ۔متاثرین کیلئے قائم میڈیکل کیمپ وکچن کامعائنہ کیا ،کھانے کے انتظامات ا ورصحت کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے معلومات حاصل کیں ۔ ڈیزاسٹرمینجمنٹ ٹیم نے تمام انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ۔
دریں اثنا الخدمت کراچی کے چیف ایگزیکٹو نو ید علی بیگ نے کہا کہ” تعمیروطن پروگرام اور کسان بحالی پروگرام “کے تحت متاثرہ کسانوں کیلئے امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے ۔سیلاب کے سبب جانوروں سے محروم ہونے والے متاثرین میں بکریاں تقسیم کی ہیں ،جبکہ انہیں کروڑوں روپے مالیت کی کھاد ،بیج اور دوائیں بھی فراہم کی گئی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں الخدمت نے 115پکے مکانات تعمیر کرکے متاثرین کو دیئے ہیں ۔دوسرے مرحلے میں مزید 100مکانات تعمیرکر کے دیئے جائیں گے ۔نوید علی بیگ نے کہا ہے متاثرین سیلاب اس وقت بحالی کے اہم ترین مرحلے میں ہیں ،مگر ملک کی تمام اکائیاں اس حوالے سے کام کریں تو مکمل بحالی کا عمل ممکن ہے۔
الخدمت اپنے حصے کا کام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت متاثرین کی مکمل بحالی تک کام کرے گی ۔اہل خیر متاثرین کی بحالی میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔




































