
کراچی ( نمائندہ رنگ نو )ہمدرد پاکستان کی جانب سےمحترمہ سعدیہ راشد کی زیر صدارت ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں’’فلسفہ حکمت‘‘ کے موضوع پر
خصوصی لیکچر و فکری نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں پروفیسر ڈاکٹر عبدالوہاب سوری کو بطور مہمان مقررمدعوکیا گیا،جوکراچی یونی ورسٹی شعبہ فلسفہ کےسربراہ ہیں۔ ہمدرد پاکستان کےچیف آپریٹنگ آفیسرڈاکٹر ارشد سلیم بحیثیت مہمان اعزازی فکری نشست میں شریک ہوئے۔
ڈاکٹر ارشد سلیم نے ہمدرد پاکستان کی جانب سے حکمت کے فلسفے اور نقطہ نظر کے فروغ کی مد میں لیے جانے والے اقدامات کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ ہمدرد بنیادی طور پر ہیلتھ کیئر یعنی بقائے صحت کا علم بردار ادارہ ہے۔ ہمدرد دوا سازادارہ ضرور ہےکہ لیکن ہمارے کاروبار کامحور قیام صحت کو فروغ دینا ہے۔جدید ادویہ سازی ایلوپیتھی درحقیقت سک کیئر نظام ہے جس سے ہم تبھی استفادہ کرتے ہیں جب بیمار ہوں جبکہ ہیلتھ کیئرنظام تووہ ہوتا ہے جس سے آپ حالت صحت یا ضعف میں رجوع کرکے اپنے لیے مفید صحتی مشورے لے سکیں۔ ضعف صحت مندی اور بیماری کے درمیان کی کیفیت ہے۔ جس میں ہم بظاہرصحت مند ہوتے ہیں لیکن درحقیقت ہمارے اندر بیماری کے اسباب وقوع پذیر ہورہےہوتے ہیں۔ ہمیں طب مشرق کی شکل میں مفصل ہیلتھ کیئر نظام ورثےمیں ملا ہے،جس میں ضعف کی کیفیت کونہ صرف بیان کیا گیا ہے بلکہ اُس پر بہترین ومکمل تحقیق بھی موجودہے۔ یہ فرق بھی سمجھنا ضروری ہے کہ ہیلتھ اپنی لفظی معنویت میں صحت نہیں بلکہ عافیت (صحت و سلامتی)ہے۔یعنی اگر سلامتی میسر نہیں تو صحت کلی حیثیت میں موجود نہیں۔ اسی لیے ہمدرد پاکستان نے اپنا پیغام عافیت سے جیتے رہو! منتخب کیا ہےجو بقائے صحت اور قیام صحت کے ہمارے عزم کا واضح اعادہ کرتا ہے۔
مہمان مقررپروفیسر ڈاکٹرعبدالوہاب سوری نےبتایا کہ جدید طبی نظام میں روحانیت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا،جس کی وجہ سے امراض میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید طبی علوم میں انسانی جسمانی اعضاء کو تفصیل سے سمجھنے کی قابل قدر کوششیں کی گئی ہیں جن کا اعتراف نہ کرنا بے انصافی ہوگی۔ ہمیں ان کے نتائج وتحقیق سے ضرور استفادہ کرنا چاہیے لیکن یہ حقیقت بھی نظر میں رکھنے کی ضرورت ہے کہ جدید میڈیکل سائنسز میں انسان باقی جانداروں کی طرح محض ایک جاندارہے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقتاًانسان دور جدید کے طبی مباحثوں میں ناپید ہوتا جارہا ہے۔ حکمت ایک ایسی جامع فکرہےجس میں انسان کے طبی مسائل کو کلی طور پر دیکھا اورسمجھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی سطح پر حکمت کو بہ طور متبادل ہیلتھ کیئر نظام پیش کرنے کیا جانا چاہیے۔ حکمت کے طرائق مفصل اوربہتر ہیں جن کے ذریعے علامات و شکایات کی بنیاد پر مریض کا مؤثر اندازمیں طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔
نظامت کے فرائض سینئر منیجر ہیلتھ کیئر پروڈکٹس حکیم مصطفیٰ بیگ صاحب نے انجام دئیے۔ سینئر انتظامیہ و عہدیداران سمیت مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔




































