اسلام آباد (ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سویڈن میں عید الاضحی کے روز قرآن کریم کی بے حرمتی کی
اشتعال انگیز کارروائی کا مقصد مسلمانوں اور عیسائیوں کو آپس میں لڑانے کی سازش ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
سویڈن میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔ اس سے اربوں مسلمانوں کے دل چور چور ہیں، ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں تاکہ ہماری مقدس کتاب پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔ہم آزادی اظہار کے خلاف نہیں ہیں مگر اس کی آڑ میں کسی کے مذہب اور مقدس شخصیات کی بے حرمتی، پروپیگنڈا اور زہر پھیلانے کا دنیا کا کوئی قانون اجازت نہیں دیتا۔ہمیں اسلامی دنیا کے ساتھ مل کر ایک مضبوط آواز اٹھانی چاہیے۔
جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں سویڈن میں قرآن کریم کو جلانے کے مذموم واقعہ پر آج ہم سب یہاں دکھی دل کے ساتھ جمع ہیں۔ اس مذموم حرکت سے پورے عالم اسلام میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے توسط سے ہم پوری امت مسلمہ اور پاکستانی عوام کے جذبات پوری دنیا میں ایک زبان کے ساتھ پہنچانا چاہتے ہیں۔مشترکہ اجلاس اس قبیح حرکت کی نہ صرف بھرپور مذمت کرے ،بلکہ ایسے اقدامات اور سفارشات بھی تجویز کرے جس میں آئندہ کیلئے اس طرح کے مذموم واقعات کی روک تھام ہو سکے