
کراچی (ویب ڈیسک ) الخدمت شعبہ والنٹیرزمینجمنٹ کے تحت رضاکاروں کے لیے”ایمر جنسی فرسٹ رسپانس“ کے عنوان
سے ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا۔ ریسکیو 1122کے ماہر ٹرینرزنے ٹریننگ دی۔
اس موقع پر ٹرینرزنے ہنگاہی حالات میں سب سے پہلے انسانی جان کو بچانےکو ترجیح دینے کی اہمیت بیان کی ۔ رضاکاروں کو دم گھٹنے ،دل کا دوہ ،خون بہنے پر قابو پانے ،فالج اور ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے فوری امداد سے متعلق تربیت دی گئی ۔
رضاکاروں کو بتایا گیا کہ ہنگامی صورتحال میں متاثرہ شخص کو کس طرح طبی امداد یا اسے ریلیف پہنچانے میں مدد دی جا سکتی ہے۔ رضاکاروں نے ٹریننگ میں بھرپوردلچسپی کا اظہار کیا ،بعد ازاں ٹریننگ کے اختتام پر تمام رضاکاروں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔
رضاکاروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس ٹریننگ سے حاصل تجربات کو عملی زندگی میں استعمال میں کرلوگوں کے لیے راحت کاباعث بنیں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹرالخدمت والنٹیرز مینجمنٹ یوسف محی الدین اور سینئر منیجر سرفراز شیخ بھی موجود تھے۔
یوسف محی الدین نے اسناد تقسیم کرنے کی سادہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تربیت حاصل کرنے والے رضاکاروں کی زندگی کا ایک نیااور بہترین تجربہ ہے ۔یہ خدمت کا کام ہے اور خدمت کاکام انسان کو اطمینان اورراحت پہنچاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت کی کوشش رہی ہے کہ اس سے منسلک رضاکاروں کی پروفیشنل ٹریننگ ہو تا کہ زندگی کے مختلف شعبہ جات میں احسن اور منظم طریقے سے لوگوں کی خدمت کرسکیں اور الخدمت کا شعبہ مینجمنٹ اس کام کو وسعت دے رہا ہے ۔





































